Ticker

6/recent/ticker-posts

اسم معرفہ کی تعریف | اسم معرفہ کی اقسام

اسم معرفہ کی تعریف | اسم معرفہ کی اقسام

اسم معرفہ کی تعریف:
اسم معرفہ کو اسم خاص بھی کہا جاتا ہے۔ ایسا اسم جو کسی مخصوص شخص، جگہ یا چیز کا نام ہو اسے اسم معرفہ کہتے ہیں۔ یا ایسا اسم جو کسی خاص شخص، جگہ یا چیز کے لیے بولا جائے اسم معرفہ کہلاتا ہے۔ اِس اسم کو اسم معرفہ (خاص) بھی کہتے ہیں۔

اسم معرفہ کی اقسام

اسم معرفہ کی چار قسمیں ہیں:
(١) اسم علم ( ٢) اسم ضمیر ( ٣) اسم اشارہ (٤)اسم موصول

اسم علم

(١) اسم علم: اسم علم وہ خاص نام ہے جس سے کوئی شخص، یا جگہ یا چیز مشہور ہو۔
مثلاً: علامہ اقبال، کوہ طور، تاج محل، سرسید احمد خان،‌ وغیرہ۔

عبدالحق دسویں جماعت میں پڑھتا ہے۔ سرینگر جہلم کے کنارے آباد ہے۔ پیرپنجال کشمیر کا پہاڑ ہے۔

اوپر کے فقروں میں عبدالحق ایک لڑکے کا نام ہے۔ سرینگر ایک خاص مشہور شہر ہے۔ جہلم ایک خاص دریا کا نام ہے۔پیرپنجال کشمیر کا خاص پہاڑ ہے۔ یہ وہ نام ہے جن سے مقرر جگہیں اور چیزیں ہی پکاری جاتی ہیں۔ ایسے ناموں کو علم کہتے ہیں۔

اسم ضمیر

(٢) اسم ضمیر: اسم ضمیر وہ کلمہ ہے جو کسی اسم کی جگہ استعمال کیا جائے۔

مثلاً: ماسٹر رفیق حسین ہمیں اردو پڑھاتا ہے۔ وہ بہت محنتی ہے۔ ہم اس کو پسند کرتے ہیں۔

ان جملوں میں۔ وہ، ہم، اس، ہمیں، اسمائے ضمیر ہیں کیونکہ یہ اسموں کے بدلے استعمال ہوئے ہیں۔

اسم اشارہ

(٣) اسم اشارہ: اسم اشارہ وہ کلمہ ہے جس سے کسی شخص یا جگہ یا چیز کی طرف اشارہ کیا جائے۔

مثلاً: وہ پہاڑ، یہ میز، وہ دریا، یہ لڑکا وغیرہ۔ ان کلمات میں ’وہ‘ اور ’یہ‘ اسماء اشارہ ہیں۔ قریب کے اشارے کے لیے ”یہ“ اور بعید کے لیے ”وہ“ کے الفاظ کے ساتھ اشارہ کیا جاتا ہے۔

مشار الیہ

مشار الیہ: جس شخص یا جگہ یا چیز کی طرف اشارہ کیا جائے اس سے مشارالیہ کہا جاتا ہے۔ اُوپر کی مثالوں میں پہاڑ، میز، دریا، لڑکا، مشارالیہ ہیں۔

اسم موصول

٤ اسم موصول: وہ اسم ہے جس کے ساتھ جب تک کوئی دوسرا جملہ نہ ملایا جائے تو پورا معنی نہیں دیتا۔

مثلاً: جو محنت کرتا ہے عزت پاتا ہے۔ آپ جو کچھ کرتے ہیں ٹھیک ہے۔ جونہی ہم سکول پہنچے گھنٹی بج گئی۔
ان جملوں میں جو، جو کچھ، جو نہی اسماء موصول ہیں۔

صلہ

صلہ: جو جملہ اسم موصول کے بعد آتا ہے اسے صلہ کہتے ہیں۔
مندرجہ بالا مثالوں میں عزت پاتا ہے، ٹھیک ہے، گھنٹی بج گئی، صلہ ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے