Ticker

6/recent/ticker-posts

شفیق الایمان قاسمی کا اوّلین شعری مجموعہ ہندو فرشتہ دیومالائی عناصر کی روشنی میں

شفیق الایمان قاسمی کا اوّلین شعری مجموعہ ہندو فرشتہ دیومالائی عناصر کی روشنی میں

جس طرح ہر شاعر اور ادیب میں کچھ نہ کچھ انفرادیت ہوتی ہے، اُسی طرح زیر نظر کتاب ہدوفرشتہ، اس لیے بھی منفرد ہے کہ اس کتاب کے اچھے خاصے حصہ میں مہابھارت کی اُس مذہبی جنگ کے کچھ لافانی کرداروں کے ضمن میں کیا گیا ہے، جو حق پرست، بااصول اور مہابھارت کی جنگ عظیم کے اہم کردار تھے۔ اسی حق پرستی اور اصول پسندی کی وجہ سے کچھ کرداروں کو فریب اور دھوکہ کے سبب ناحق اپنی جان گنوانا پڑا اور کچھ کو اپنی اصول پرستی کے سبب وہ کرنا پڑا، جو سماج میں ناگوار تصور کیا جاتا ہے۔ کچھ دانشوروں کا قول ہے کہ سمجھدار وہ لوگ ہیں جو سیاسی اور مذہبی بحث مناحثہ سے ہمیشہ کنارہ کش رہتے ہیں۔ یہ قول اس لیے درست کہا جاسکتا ہے کہ مذہبی اور سیاسی بحث میں سوائے آپسی تلخی، رنجش کے علاوہ اور کچھ ہاتھ نہیں آتا اور اس کا نتیجہ بھی صفر ہوتا ہے۔ نہ ہی کوئی اپنی سیاسی جہت کو غلط ماننے کو تیار ہوتا نہ ہی اپنی مذہب کو۔

دُنیا سیکڑوں مذہبوں کا مجموعہ ہے۔ ان کی مذہبی کتب کے مطابق کہیں کچھ یکسانیت ہے تو کہیں ایک دوسرے کے برعکس مگر اخلاقیات کی تعلیم دنیا کے ہر مذہب میں بہترین پیرائے میں نظر آتی ہے۔ خود اخلاق حسنہ کی تعلیم پر کمہ حقہُ عمل نہ کرنے والے امام بھی اپنے مامون کو اخلاقیات کی تعلم نہایت پُراثر انداز میں دیتے ہیں، جس کا اثر جگ ظاہر ہے۔ اخلاقیات کی تعلیم ہر مذہب سے ملنے کے باوجود اخلاق حسنہ پر عمل کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔ اخلاقیات سے کچھ خاص مذہب کا کچھ لینا دینا نہیں ہے بلکہ یہ ایک انسانی تقاضہ ہے جو بغیر تفریق مذہب و ملت میں اس جذبے کے اصولوں میں یکسانیت نظر آتی ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ مذہب و ملت میں اخلاقیات کو طاق نسیاں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدار اس وقت بری طرح پائمال ہوجا تے ہیں جب کوئی مہتم بالشان ہستی ان قدروں کو پائمال کرتی ہے۔ میرے خطبہ کا موضوع چونکہ دیومالا ہے اس لیے مجھے ان اقدار کے سلسلہ میں شفیق الایمان صاحب کے کلام سے مہابھارت کے چند خاص الخاص کرداروں کا ذکر مقصود ہے۔

اس سلسلہ میں میں سب سے پہلے پانڈووں کے استاذ جناب دروناچاریہ جی کا ذکر کرنا چاہوں گا۔ احترام کے سلسلہ میں اُس زمانے میں موصوف کی قدر و منزلت سدرة المنتہٰی پر تھی۔ پانڈووں میں ارجن تیراندازی میں ماہر نشانہ باز تھے۔ تیر اور کمان کے ذریعہ نشانے بازی کا علم انھیں دروناچاریہ نے سکھایا تھا۔ استاذ کی حیثیت سے وہ چاہتے تھے کہ تیراندازی میں ارجُن کا ثانی کبھی ممکن نہ ہوسکے۔ وہ نہیں چاہتے تھے کہ دنیا میں کوئی بھی تیرانداز ارجُن سے بہتر یا ان کے ہمپلہ ہو، جو فطری ہے۔ فن سپہ گری میں ان کے تمام شاگرد یکتا تھے مگر جب ایک مرتبہ اُن کی ملاقات ایکلویہ نامے ایسے لڑکے سے ہوئی جو کمتر ذات کا تھا، جس کی تیراندازی دیکھ کر ان کا ماتھا ٹھنکا۔ ایکلویہ کا کُتے پر تیر چلاکر اُسے خاموش کروانے کا واقعہ ملاحظہ فرمائیں:

اُنھیں چونکہ یقین کامل تھا کہ مستقبل قریب میں یہ لڑکا ارجُن سے بہتر تیرانداز ثابت ہو سکتا ہے، جو انھیں کسی بھی قیمت پر گوارہ نہیں تھا۔ اسی خیال کے پیش نظر انھیوں نے اُس لڑکے سے پہلے اُس کا نام پوچھا پھر یہ جاننا چاہا کہ اُس کا استاذ کون ہے کہ میرے معنوی استاذ آپ ہیں۔ ہرچند کہ آپ کی زیارت کا شرف مجھے آج زندگی میں پہلی مرتبہ ہُوا ہے میں چونکہ آپ کی شخصیت سے ہمیشہ متاثر تھا اس لیے میں نے آپ کی ایک مورت بنا کر اُسی کے سامنے تیراندازی کی مشق کیا کرتا تھا۔ یہ سن کر گرودروناچاریہ بظاہر اس سے بہت خوش ہوئے مگر اس خوف سے کہ یہ اُن کے شاگردعزیز ارجُن سے بہتر ہے، انھوں نے ایکلویہ سے گرودکشنا کی شکل میں اُس کے داہنے ہاتھ کا انگوٹھا مانگ لیا تو ایکلویہ نے فوراً اپنے دست راست کا انگوٹھا کاٹ کر گرودروناچاریہ کو پیش کر دیا۔ اس طرح جگت گرودوناچاریہ نے ہندو مذہت کی تاریخ سے بحیثیت استاذ، پہلی مرتبہ اخلاقی قدر کو پائمال کیا۔ اس کے بعد تمام عالم میں اُن کا مرتبہ کچھ حد تک کم ہو گیا مگر اُن کی معنوی حیثیت آج بھی اپنے مقام سے ٹس سے مس نہیں ہوئی ہے۔

چونکہ اساطیر اور دیومالا، اُردو شاعری کے اہم لوازمات میں شامل ہیں، اس لیے شاعری میں ان کا استعمال کثرت سے کیا جاتا ہے۔ پیش نظر کتاب ھندو فرشتہ، جناب شفیق الایمان صاحب کا ایک ایسا شعری مجموعہ ہے جس میں موصوف نے دیومالائی عناصر کا اچھا استعمال کیا ہے۔ شاید اسی مُناسبت سے انھوں نے کتاب کا نام ہی ھندو فرشتہ منتخب کیا، جو بجا ہے۔ ہندووں کی مذہبی کتاب مہابھارت حق و باطل کے مابین ایک جس سے کم و بیش ہر ہندوستانی کمہ حقہُ واقت ہے۔ اس جنگ کے کچھ ایسے مشہور و معروف کردار ہیں جن کے ذکر ہندوستانی کہاوتوں میں بھی عام ہیں۔ ان کرداروں میں جہاں ایک جانب شکونی جیسا چھل، کپٹ کا حامی، غیر اخلاقی کردار ہے، وہیں کورووں کی فوج میں کرن جیسا حق پرست، ایماندار اور حق کا پُتلا بھی موجود ہے، جسے قتل کردینا اس لیے ممکن ہو سکا کہ دان کرنے معاملے میں پوری دنیا میں اُس کا کوئی ثانی نہ تھا۔ ایک چال کے تحت اس سے اس کی زرہ دان میں مانگ کی گئی اور یہ جانتے ہوئے کہ اسے دان کر دینے کے بعد وہ قتل کر دیا جائے گا، پھر بھی اُس نے اپنا سمّان بچانے کے لیے جان کی پرواہ کیے بغیر، اپنی وہ زرہ دان کر دی، جس کی وجہ سے اُس کا قتل ممکن ہو سکا۔

ویسے تو شفیق الایمان صاحب نے مہابھارت کے کئی کرداروں کی دیانت داری اور دیگر خوبیوں کے ضمن میں تقریباً چالیس بہترین اشعار کہے ہیں مگر ان کا خاص ہدف کرن اور پانڈووں کی دَھرم پَتنی دَروپَدی ہے جسے بھگوان شری کرشن جی پَنچالی کہتے تھے۔سب سے پہلے وہ شعر ملاحظہ ہو جِس کا کلیدی لفظ ہندو فرشتہ موصوف کی کتاب کے سرورق کی زینت بننے کی تمام صلاحیت رکھتا ہے۔ صفحہ ٦۳

خُدا ہی جانے وہ ہندو فرشتہ کون تھا جس نے
مہابھارت کے معصوموں کو چلنے سے بچایا تھا

اصولاً تو شاعر کو اس شعر میں مہابھارت کے معصوموں کا جلنے سے بچانے والے کا نام درج کرنا چاہیے تھا اور یہ بھی کہ جس شخص نے اپنی مسموم ذہنیت کے سبب لاہ (Sealing Vax) کا محل تیار کروا کے اُس میں پانڈووں کو زندہ جلا دینے کی مہم تیار کی تھی۔ وہ باطل پرست کردار، جس کا نام شکونی تھا، یہ سارا کیا دھرا اُسی کا تھا۔ جب اُس کی یہ صراحت مہاتما وِدُر کو معلوم ہوئی تو اُنھوں نے اپنی کوششوں سے ان تمام لوگوں کو آگ میں بھسم ہونے سے بچا یا تھا۔ چونکہ اس واقعہ یا اُن دونوں کا نام ایک شعر میں سمو سکنا مشکل تھا، اسی لیے شاعر نے اس پر زیادہ زور نہ دے کر، قارئین حضرات کے لیے اِسے معمعہ بنا کر آگے بڑھ گئے۔ بہر حال، حق پرست پانڈووں کے ساتھ شاعر کی یہ ہمدردی بھلی معلوم ہوتی ہے۔

اس کے بعد کتاب کے صفحہ ۲۹ پر چھپا ہوا وہ شعر ملاحظہ فرمائیں، جس میں موصوف نے سماجی بندھن کے ساتھ انسانی اناکی بات کرتے ہوئے کیا خوب کہا ہے

وہاں سماج کا پہرہ، یہاں انا کی طفنگ
کہیں کرن تو کہیں رضیہ مات کھاتی ہے

کتاب کے صفحہ ۳۵ پر چھپا ہُوا ذیل شعر بھی لائق داد و تحسین ہے۔ اپنے اس شعر میں شفیق صاحب ہندوستانی تہذیب کا ذکر تے ہوئے فرماتے ہیں:

اسلام تو مذہب ہے، کہیں سے بھی مِلا ہو
تہذیب ہیں، رام سے گوتم سے ملی ہے

بہت ممکن ہے کہ اس شعر سے بہت سے لوگ اتفاق رائے نہ رکھیں کیونکہ اس ملک تو بہت سی تہذیب ہیں۔ اس سلسلہ میں اتنا کہہ دینا کافی ہوگا کہ شفیق صاحب یہاں مذہبی نہیں بلکہ ہندوستانی تہذیب کی بات کی ہے، جو درست ہے۔

شفیق الایمان کا اگلا شعر پیش کرنے سے قبل راقم السطور ان کی شاعری کی ایک بڑی خوبی کی طرف اشارہ کرنا چاہتا ہے۔ شاعری کی تمام خوبیوں کے ساتھ ایک بہت بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ ایک مقام سے دوسرے مقام کی طرف شاعر کو اس طرح پھر جانا چاہئے کہ قارئین حضرات کو درمیانی خلاء کا احساس تک نہ ہو جو بہت کم ممکن ہو پاتاہے۔ اکثر شعرا ایک عنوان سے دوسرے کی طرف پھرنے میں کئی کئی اشعار کا سہارا لیتے نظر آتے ہیں۔ خاص طور پر قصیدے میں گُریز کے موقع پر یہ چیز زیادہ نظر آتی ہے۔ شاعری کی یہ خوبی کوتاہ نظر راقم کو میرانیس کے کلام میں کثرت سے نظر آئی ہے وہ ایک زمانے سے دوسرے زمانے کی طرف پھرنے کے لیے اضافی اشعار کے محتاج نظر نہیں آتے بلکہ اکثر معجزاتی طور پر ایک دو لفظوں کی مدد سے ہی ایک منظر سے دوسرے منظر یا ایک زمانے سے دوسرے زمانے کی طرف اس طرح پھر جاتے ہیں کہ قاری کو درمیانی پیوند نظرہی نہیں آتا۔ اسی قسم کی خوبیاں قرة العین حیدر کے افسانوں میں بھی نظر آتی ہیں، جو فِکشن میں عام نہیں کہی جاسکتی۔ اپنے ذیل شعر میں جناب شفیق الایمان نے ایک بھی اضافی لفظ کا سہارا لیے بغیر اِس طرح تریتا جُگ اور کل جُگ ایک باریک دھاگے سے باندھ کر پیش کرتے ہیں کہ ان کی چابک دستی پر ناقدین اور مبصرین حضرات حیرت کے سمندر میں غوطہ ذن نظر آتے ہیں۔ وہ بیش بہا شعر صفحہ ۹۷ پر ملاحظہ فرمائیں:

بہو وہاں بھی نہ تھی گھر کی بیٹیوں جیسے
تبھی تو اُس کو دُساسن نے بے بلاس کیا

چونکہ کسی بھی جنگ میں فریقین ہر قیمت پر صرف اپنی فتح کے متقاضی ہوتے ہیں، اس لیے اُسے جیتنے کے لیے طرح طرح کے ہَتھ کَنڈوں اور سیاسی دانوں پیچ وغیرہ کے غیر انسانی حرکات و سکنات سے بھی نہیں چوکتے، جسے اخلاقیات کے دشمن کسی بیمار ذہنیت کے شخص نے “جنگ میں سب کچھ جائز ہے“ قرار دیا ہے۔ کسی بھی جنگ میں شرفا کے نزدیک صنف نازک کو ہدف بنانا غیر اخلاقی تصور کیا گیا ہے مگر دُساسن (کورووں کی طرف کے ایک باطل کردار کا نام ) کے دماغ پر ایسا شیطان سوار ہوا کہ اپنی بے عزتی کا بدلا لینے کے لیے اُس نے بھری محفل میں خاندان کی بہو (دروپدی) کی ساڑی، سب کے سامنے اُتارنے کی کوشش کی۔ اگر اُس نازک موقع پر شری کرشن جی نے دروپری کی غیبی مدد نہ کی ہوتی ہو تو اپنی اُس مسموم ذہنیت کا مظاہرہ تو دُساسن نے اپنی طرف سے کر ہی دیا تھا۔ اس ضمن میں شاعر کا یہ ماننا ہے کہ اُس زمانے یعنی تریتا جُگ میں بھی کچھ لوگ بہو کو بیٹی نہیں مانتے تھے اور پرائے گھر کی لڑکی ﴿بہو﴾ پر ہر طرح کے مظالم بے دریغ ڈھایا کرتے تھے۔ دروپری اور آج کی بہو کا ذکر کرتے ہوئے موصوف نے کھلے لفظوں میں اس حقیقت کی طرف ہمارے دھیان کو بڑی کامیابی کے ساتھ متوجہ کیا ہے۔

اگر دُریودَھن کی بدکرداری پر کچھ لوگ یہ کہتے ہیں کہ اُس کی بری ذہنیت کی وجہ راج محل میں پرورِش پانے اور بے جا دُلار کے سبب اس کی ذہنیت مسموم ہر گئی تھی تو ایسے حضرات کے منفی خیال کو شفیق صاحب یکسر رد کرتے ہوئے سیدھے سادے انداز میں بھگوان رام اور ان کے بھائیوں کی مثال (صفحہ ۳٦) پیش کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ

دُریودھن سا سانپ پلے تو راج محل پر کیا الزام
رام، بَھر ت اور لچھمن بھی تو راج محل میں پلتے ہیں

سماج میں اکثر دیکھا گیا ہے کہ ہر دور عوام نے ہمیشہ گزشتہ زمانے کو آج کے موابلے اچھا اور بہت اچھا مانا ہے۔ میر تقی میر نے اپنے زمانے کے بارے میں فرمایا تھا:

دونوں ہاتھوں سے تھامیے دستار
میرصاحب، زمانہ نازک ہے

تو اُن کے تقریباً سو برس کے بعد میر ببر علی انیس لکھنوی کو بھی اپنے زمانے سے کچھ کم شکایت نہیں تھی۔ وہ اپنے ایک شعر میں فرماتے ہیں:

حالات مکدر، کوئی دل صاف نہیں ہے
اس عہد میں سب کچھ ہے پہ انصاف نہیں ہے

میر تقی میر کو سارے زمانے سے شکایت تھی مگر انیس کو منصفی کی شکایت سارے زمانے سے نہیں بلکہ بلکھنوٴ کے شعرا ء اور اُن جاگیرداروں سے تھی جو ان کے مقابلے مرزا دبیر کی شاعری کو بہتر مانتے تھے۔ خاص طور سے یہ شکایت انھیں شاید نواب واجد علی شاہ سے تھی کیونکہ اُنھیں واجدعلی شاہ کے دربار سے داد و دہش کے عنوان سے کبھی نوازا نہیں گیا۔ اس سلسلے میں اگر پروفیسر زماں آزردہ کی مانیں تو مرزا دبیر کو نواب واجدعلی شاہ کے دربار سے انعام و اکرام کے عنوان سے سالانہ کم از کم دس لاکھ روپے ضرور ملتے تھے۔ اس کے علاوہ ملکہٴ زمانی دبیر کو جو پیشکش فرماتیں وہ اس سے الگ ہوتاتھا۔

جو اشخاص طالب علم اور اساتذہ کے سلسلہ میں آج کے زمانے کو کمتر اور پہلے کے وقت کو بہتر گردانتے ہیں، اُسی کو موصوف صفحہ۴٦پر اپنے الفاظ میں کچھ اِس طرح بیان فرماتے ہیں:

استاذ دروناچاریہ سے تھے، اور طلباء اَرجُن سے
تب علم کا مرکز دنیا میں یہ، سورگ کا ہندوستان ہی تھا

موصوف کا درج ذیل شعر (صفحہ۴۹) بھی دروپری کی ہی تعریف میں ہی ہے۔ پانڈو روز صبح گھر سے نکلتے اور گداگری سے اُنھیں جو کچھ حاصل ہوتا اُسے ماں کے قدموں میں رکھ دیتے تو عام طور پر ماں اپنے بیٹوں سے فرماتی کہ جو کچھ لائے ہو اُسے مِل جُل کر آپس میں بانٹ لو۔ متذکرہ شعر میں اُس روز کا ذکر ہے جب وہ پانچوں بھائی (یدھشٹھر، بھیم، ارجن، سہدیو اور نَکُل) ایک ایسی جگہ پہنچے جہاں سویم بر (لڑکی کو اپنے پسند کے شوہر کے لیے) کا اہتمام کیا گیا تھا، جہاں دور دراز سے بہت سے راجے قسمت آزمانے آئے تھے۔ لڑکے سامنے امتحان کا پیمانہ نشانہ بازی طے پایا تھا۔ ایک اونچے کھمبے کے اوپری سِرے پر ایک چکر مسلسل گھورہا تھا، جس میں ایک مجھلی ٹانک دی گئی تھی۔ کھمبے کے بینچے ایک بڑی سے کراہی میں تیل کھَول رہا تھا۔ کھولتے تیل میں مچھلی کو دیکھ کر اس کی آنکھ کو تیر کا نشانہ بنانا تھا، جس میں کوئی راجکمار کامیاب نہیں ہو پایامگر اَرجُن نے اپنی سَدھی ہوئی تیراندازی سے یہ کام کر دیا اور دروپری اُنھیں دے دی گئی۔ جب وہ لوگ دُلہن کو گھر لاےٴ اور ماں سے کہا کہ دیکھو ماتا، آج ہم لوگ کیا لائے ہیں تو حقیقت سے نابلد ماں نے عام دنوں کی مانند کہہ دیا کہ جوکچھ لاےٴ وہ اُسے پانچو بھائی آپس میں بانٹ لو۔ ماں کے حکم کی اولیت کے پیش نظر دروپدی نے بھی اس حکم کی تعمیل کی، جو نہایت دشوار گزار تھا۔ اسی واقعہ کو بیان کرتے ہوئے درج ذیل شعر میں شفیق الایمان، دروپدی کے نباہنے کو کس خوبصورت انداز میں پیش کرتے ہوےٴ اس حکم کو عجیب تر فرماتے ہیں۔ اس موقعہ کے لحاظ سے شاید عجیب تر سے بہتر کوئی دوسرا لفظ نہیں ہو سکتا۔ ملاحظہ فرمائیں (صفحہ ۴۹)


عجیب تر ہی سہی، ماں کا حکم تھا وہ شفیق
نبھا کے اس کو بتایا، دروپری ہوں میں

دروپدی کے ہی بڑکپن کے ہی ضمن میں شفیق کا ایک اور شعر ملاحظہ فرمائیں۔ اُس کی شان کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوےٴ موصوف فرماتے ہیں کہ جو کچھ دروپری نے قبول کیا، اُس پر کسی کو اُنگلی اُٹھانے کا حق نہیں(صفحہ۵۰)، اس لیے بھلا اس پر کوئی انگلی کیوں اُٹھاےٴ، کیونکہ یہ اُس کی زندگی ہے اور فیصلہ بھی اُسی کا ہے۔ اس مقام پر بھی شفیق صاحب اس کے حق میں اپنی طرف سے جو دلیل پیش کی ہے وہ لائق ملاحظہ ہے:

بھلا اُنگلی اُٹھاےٴ، کیوں کوئی دروپری پر
یہ اُس کی زندگی ہے، یہ اُس کا فیصلہ ہے

اگلا شعر رِشی وِشوامِتر کے ریاض کے ضمن میں (صفحہ ۵۷) شفیق صاحب کی عمدہ پیشکش ہے۔ اسے عمدہ اس لیے بھی کہا جاسکتا ہے کہ اس مقام پر موصوف نے جس طرح ایک کربلائی استعارے کا استعمال کیا ہے، وہ ہر لحاظ سے لائق داد و تحسین ہے۔ وِشوامِتر کی آرادھا یا ریاض کا ذکر ہندو دھرم گرنتھ میں نہایت عقیدت کے ساتھ کیا گیا ہے جسے، وہ کربلا کی جنگ کے ایک کردار زین العابدین کی ریاضتوں کے استعارے کے ساتھ نہایت حسن و خوبی سے پیش کرنے میں پوری طرح سے کامیاب ہوےٴ ہیں۔ شعر ملاحظہ فرمائیں:

وِشوامِتر کا ریاض، مینکا کے سامنے
جیسے اک نحیف جاں، کربلا کے سامنے

سامعین حضرات نے اپنے بچپن میں وِشوامِتر رِشی اور مینکا کی کہانی ضرور پڑھی یا سنی ہوگی۔ مختصراً وِشوامِتر رِشی کا اصل نام وِشو رتھ تھا۔ ہندو دھرم میں چار ورن ہوتے ہیں۔ برہمن، شتریہ، ویشیہ اور شودر ورن۔ ان میں برہمن وَرن کے لوگ سب سے اعلیٰ تصور کیے جاتے ہیں۔ جو برہمن ورن کا رِشی ہوتا ہے، اُسے برہم رِشی کہتے ہیں اور جو شتریہ ورن سے تعلق رکھتا ہے، اُسے راجرشی کہتے ہیں۔ اِسی طرح ورن کے مطابق ہندو مذہب میں برہم رشی کا درجہ بھی بالا تر ہوتا ہے۔ وِشوامِتر رِشی کی دلی تمنا تھی کہ وہ راجرشی سے برہم رِشی بن جائیں، جس کے لیے انھیں ایک خاص تپسیا کے نہایت سخت مرحلہ سے گزرنا تھا۔ جب دیولوک کے بھگوان اِندر کو یہ معلوم ہوا کہ وشوامتر تپسیا کر کے راجرشی سے برہم رشی بننا چاہتے ہیں تو ان کے دل میں یہ خوف پیدا ہوا کہ برہم رشی بننے کے بعد وشوامتر کہیں میرے سنگھاسن پر قابض نہ ہو جائیں اور اسی خوف کے سبب انھوں نے اپنی اِندر سبھا کی ایک حور مینکا اپسرا، جو کہ بلند پایہ رقاصہ تھی، اس کے اس ہدایت کے ساتھ بھیجا کہ وہ اپنے شاندار رقص سے رشی وشوامترکی تپسیا کو بھنگ کر دے، اور اندر بھگوان، مینکا اپسرا کے ذریعہ وشوامتر کی پتسیا بھنگ کروانے میں کامیاب ہو گیے۔

شفیق الایمان صاحب کے درج بالا شعر کی یہ بھی بڑی خوبی ہے کہ انھوں نے شعر کے اولیٰ مصرعہ میں ایک دیومالا کا ذکر کیا ہے مگر تشبیہ کے لیے جس کربلائی استعارے کا سہارا لیا ہے وہ نہایت جاذب و جالب اور ہر نکتہٴ نظر سے اعلیٰ اور شاعری کے پیمانے پر کھرا اُترتا ہے۔

اس کے بعد پیش ہے کرن کی سخاوت کے زیر اثر کہا گیا شفیق صاحب کا ایک اور شعر(صفحہ٦١)، ملاحظہ ہو:

دان ویر یوں ہی نہیں کہتے ہیں کرن کو
دیوتائوں کو بھی خیرات دی ہے اس نے

متعدد کتابوں میں کرن کا ذکر اس ضمن میں ملتا ہے کہ دان دینے میں اس کا کوئی ثانی نہ تھا۔ اسی سبب اُسے عوام دان ویر کی کنیت سے بھی یاد کرتے ہیں۔ اس سلسلہ میں یہ اعزاز اس لیے بھی بڑا گردانتے ہیں کہ وہ باطل پرست کورووں کی طرف سے مہابھارت کی جنگ میں حصہ لے رہا تھا۔ کرن کی والدہ کا نام کُنتی تھی۔ کُنتی کو کرن کی دین، سورج بھگوان کا عطیہ مانا جاتا ہے۔ یعنی کہ کرن سوریہ پُتر تھے۔ جب وہ پیدا ہوےٴ تو ان میں سورج بھگوان کا ایک معجزہ نظر آیا۔ ان کے جسم پر ایک قدرتی زرہ اور کانوں میں کُنڈل تھے۔ انھیں سورج بھگوان کا یہ آشیرواد تھا کہ جب تک یہ چیزیں کرن کے جسم پر موجود ہیں، تب تک انھیں دنیا کا کوئی بھی آدمی مغلوب نہیں کر سکتا۔

مہابھارت کی جنگ میں جب ان پر کوئی بھی غالب نہ آسکا تو پانڈووں کے خیمہ میں ہر کسی کو یہ فکر لاحق ہوئی۔ کرن پر فتحیاب ہونے کے سلسلہ میں بھگوان شری کرشن، جو ارجن کا رَتھ چلایا کرتے تھے، انھوں نے کرن پر فتحیاب ہونے کے لیے ارجُن کو یہ صلاح دی کہ تم اگر کرن پر فتحیاب ہونا چاہتے ہو تو تمھیں اس کی زرہ اور کُنڈر اُتروانا پڑے گا جو کارِدارد کے مترادف ہے۔ اس کی ایک ممکنہ راہ یہ ہے کہ تم غریب برہمن (ارجُن شتریہ تھے) کے بھیس میں کرن کے پاس جاکر اُس سے بھیک کی شکل میں اس کا کوچ اور کُنڈل مانگ لو۔ جب وہ آناکانی کرے تو تم اسے دان ویر کہہ کر اس کی انا کو للکارنا، اس طرح تمھارا کام ہو جاےٴ گا۔ اس ترکیب سے ارجُن نے کرن کی زرہ اور کُنڈل حاصل کیے، جو کرن کی موت کا سبب بنا۔

درج بالا شعر میں شفیق صاحب نے اسی دیومالائی عناصر کا سہارا لے کر ایک بڑی کہانی کو نہایت مختصر انداز میں صرف ایک شعر کی مدد سے پوری کامیابی کے ساتھ پیش کیا ہے، جس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

درج ذیل شعر میں ایکلویہ اور گرو دروناچاریہ کا ذکر کرتے ہوئے شاعر نے بدلتی ہوئی اخلاقی قدروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب نہ تو زمانے میں ایکلویہ جیسے شاگرد ہیں اور نہ دروناچاریہ جیسے گرو۔ دروناچاریہ، ایکلویہ کے صرف معنوی استاذ تھے مگر گرودکشنا میں ایکلویہ کا انگوٹھا مانگ لیا۔ یہ بھی اخلاقیات سے گریز کا بدترین نمونہ ہے۔ ایکلویہ سے گرودکشنا مانگنے کو جو چاہے کہہ لیجیے مگر وہ گرودکشنا ہرگز نہیں تھی بلکہ اسے دروناچاریہ کی زیادتی کہاجاےٴ تو غلط نہ ہوگا۔

ایک لویہ سا جوان کہاں اب جہان میں
استاذ کو جو اپنا انگوٹھا دے کاٹ کے

Hindu Farishta Poetry

 ہندو دھرم میں شوہر کے لیے نیک بیوی کو پتی ورتا کہا گیا ہے۔ گویا شوہر اس کا مجازی خدا ہوتا ہے۔ اسی ضمن میں ذیل شعر میں بتایا گیا ہے کہ گندھاری کا شوہر چونکہ نابینہ تھا اس لیے اس کی بیوی نے بھی پتی ورتا اِستری کے دھر کو مکمل طور پر نبھانے کی غرض سے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ لی تھی۔ یہ کام کسی بھی عورت کے لیے بہت مشکل ہے کہ اپنے شوہر کی چاہت میں اپنی زندگی خود بھی اندھوں کے مانند گزارےمگر گندھاری نے یہ عمل پوری دیانت داری سے نبھایا۔ اسی ضمن میں موصوف فرماتے ہیں صفحہ ۸۸

شوہر ہے اندھا تو میں بھی باندھ لوں پٹّی آنکھوں پر
گندھاری کی سوچ ہے بھاری، دنیا کی ہر ہستی پر

بھیشم پِتامہ بھی کورووں کی طرف ایک ایسی مہتم بالشان شخصیت کے مالک تھے جس نے تمام عمر قول و فعل اور عہد و پیمانے کے ساتھ اپنی زندگی گزاری ہے۔ اُنھیں یہ وَردان تھا کہ موت انھیں تب تک نہیں آسکتی تھی جب تک وہ خود راضی نہ ہوں۔ انھوں نے اپنے قول پر قائم رہتے ہوےٴ خود اپنی موت قبول کی تھی صفحہ١۰٦
اگلا شعر ملاحظہ ہو

یہ ماں کا حکم تھا، مِل بانٹ کر کرو تقسیم
دروپدی نے نبھایا، یہ اس کی عظمت تھی

دروپدی کے ساتھ پانڈووں کی شادی کا قصہ پہلے بیان کیا جا چکا ہے اس لیے اب اس کی ضرورت نہیں۔ اس ضمن میں شاعر نے درج بالا شعر میں کہا ہے کہ دروپدی نے جس طرح شادی کو نبھایا، یہ اس کی عظمت تھی کیونکہ اس مقام پر اس نے اس حکم کی لاج رکھ لی تھی جو پانڈووں کی والدہ نے اپنے بیٹوں کو دیا تھا۔ شفیق الایمان صاحب اس مقام سے بحسن و خوبی گزر جانے کا سہرا دروپری کے سر رکھا ہے۔

مانا راجہ تھا نابینہ، کیا رانی بھی اندھی تھی
دونوں دنیا دیکھ رہے تھے، سنجے کی بینائی سے


پانڈو پیدائشی نابینہ تھا۔ جب اس کی شادی ہوئی تو شوہر کی محبت میں اس نے بھی اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ لیا کہ اس معاملے میں اُس کا نابینہ شوہر اس کے مقابلے احساسِ کمتری کا شکار نہ رہے جو شوہر کے لیے ایک بڑی قربانی کے مترادف تھا۔ ان دنیا دیکھنے کے معاملے میں دونوں ایک جیسے ہو گیے تھے۔ ان دونوں کے زندگی کے کاروبار اسی طرح چلتے رہے مگر جب مہابھارت کی جنگ کا آغاز ہوا تو راجہ ہونے کی حیثیت سے پانڈو کے دل میں جنگ کے تازہ حالات معلوم کرنے کی فطری خواہش بیدار ہوئی۔ وہ یہ نہیں چاہتا تھا کہ جنگ کے اختتام کے بعد میدان جنگ سے لَوٹا کوئی خبری اُسے تمام دن کے حالات سے آگاہ کرے بلکہ اس کی دلی خواہش تھی کہ وہ جنگ کے پَل پَل کے آنکھوں دیکھے حالات سے آگاہ ہوتا رہے۔ اُس زمانے میں وہاں سنجے نامے ایک ایک ایسا شخص بھی موجود تھا جو گھر بیٹھے دنیا جہان میں ہو رہے تمام مناظر دیکھ سکتا تھا چنانچہ راجہ نے سنجے کو حکم دیا کہ وہ روز اس کو میدان جنگ کے ہر پل کی خبر آنکھوں سے دیکھ کر سناتا رہے۔ جب سنجے اسے میدان جنگ کے حالات اپنی آنکھوں سے دیکھ کر بیان کرتا تھا، اس گھڑی اس کی بیوی گندھاری بھی شوہر کے نزدیک بیٹھ کر تمام حال سُنا کرتی تھی۔ اس شعر میں شاعر نے اسی موقعہ کا ذکر کر کے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ اگرراجہ نابینہ تھااور اس کی بیوی نے بھی آنکھوں پر پٹی باندھ لی تھی، جس کے سبب دونوں کو کچھ بھی نہیں دکھائی دیتا تھا پھر بھی وہ لوگ جنگ کے حالات سے پوری طرح باخبر تھے۔ پیغام کے لحاظ سے متذکرہ فکر بھی اچھی ہے۔

دوستی، انسانیت، ایثار اور مہر و وفا
معتبر تھیں جس سے یہ قدریں، کرن تھا اس کا نام

Shafiqul Iman Qasmi

اس مقام پر بھی باطل پرست خیمہ کے سب سے مہتم بالشان کردار کرن کی تمام خوبیوں کو ایک شعر(صفحہ ١۲۳) میں اکٹھا کر کے شفیق الایمان نےجس طرح کرن کے خاصہ کی تعریف کی ہے، وہ بھی لائق ستائش ہے۔ اپنے ذیل شعر میں بھی موصوف نے دروپدی کی تعریف کا ایک موقعہ از خود اختراکر لیا اور اس کی خوبی کا احاطہ کرتے ہوےٴ نہایت مثبت طریقہٴ بیان سے پنچالی کے انسانی جذبے کی طرف اشارہ کرتے ہوےٴ یہ بتانے کی کامیاب کوشش کی ہے کہ اس نے اپنے اخلاقی جذبے کے تحت ماں کی حکم عدولی سے انکار کرتے ہوئے اس کے قول کو اس لیے نبھایا کہ ان لوگوں کے ان لوگوں کے دل تو پہلے سے ہی ٹوٹے ہوےٴ تھے، اس لیے بھلا اُنھیں وہ اور رنجیدہ کیوں کرتی۔ وہ عمدہ شعر(صفحہ ١۳١)ملاحظہ ہو:

پنچالی بھی اندھی ماں کے قول کے آگے تھی مجبور
پہلے سے وہ ٹوٹے دل تھے، اور شکستہ کیا کرتی


اسی ضمن میں شاعر کے چند اور اشعار ملاحظہ ہوں جہاں انھوں نے اپنی قوت متخیلہ اور قوت اخترا سے کئی لائق داد و تحسین گوشے شعر کے سانچے میں ڈھال کر پیش کیے ہیں۔ اِن اشعار میں بھی جود و کرم، سخاوت، درگزر، پیار، ایثار اور وفا کے ساتھ اخلاقی قدروں کے ایسے عمدہ نمونے پیش کیے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔ ملاحظہ ہوں:

انا کی جنگ میں بیٹوں کی بھی نہ کی پروا
دروپدی میں جو غیرت تھی وہ کہیں بھی نہیں
۔۔۔۔۔
گندھاری نے آنکھ پہ پٹّی باندھی تب یہ راز کُھلا
دنیا میں اکثر بہنوں کو مات ملی ہے بھائی سے
۔۔۔۔۔
سیتا آخر عورت ہی تھی، ڈال دیتی کیوں ہتھیار
وہ لمحے جو بیت چکے تھے، ان کا پیچھا کیا کرتی
۔۔۔۔۔
تو کیوں یہ اتنی الجھی الجھی، گر مری آنکھوں میں ہے نمی سی
اک میں کیا ہوں دروپدی کے دُکھ پر، کرشن بھی تو رو پڑے تھے
۔۔۔۔۔
پیار، ایثار و وفا، جود و کرم اور اخلاص
یہ سب اوصاف ہو جس میں، وہ کرن ہوتا ہے
۔۔۔۔۔
رسموں کے قیدی تھے ورنہ، خود وہ تماشہ کیوں بنتے
رسمیں ہی تھیں جنکے چلتے، پنچالی کا مان گیا
۔۔۔۔۔


شفیق الایمان کی منفرد شاعری سے متاثر ہو کر میں نے زیر مطالعہ مجموعہ میں اس قسم کے اشعار تلاش کرنے کی لاحاصل کوشش کی جس کے لیے علامہ شبلی نعمانی شاعری کی خوبی کے ضمن میں موازنہ انیس اور دبیر میں فرماتے ہیں کہ

۔۔۔۔۔نظم کا در حقیقت سب سے بڑا کمال یہی ہے کہ اگر اُس کو نثر کرنا چاہیں تو نہ ہوسکے اور یہ اسی وقت مکن ہو سکتا ہے جب شعر میں الفاظ کی وہی ترکیب باقی رہے جو نثر میں عموماً ہُوا کرتی ہے۔ اس بناء پر شاعر کو کوشش کرنا چاہیے کہ اگر اصل ترکیب پوری پوری قائم نہیں رہ سکتی تو بہر حال اس کے قریب قریب پہنچا جاےٴ۔ جس قدر اس کا لحاظ رکھا جاےٴ گا، اسی قدر شعر زیادہ صاف، برجستہ، رواں اور ڈھلا ہوا ہوگااور اردو میں جہاں تک ہم کو معلوم ہے یہ صفت میر انیس صاحب سے زیادہ کسی کے کلام میں نہیں پائی جاتی۔

ہندوفرشتہ کا شاعر میرے نزدیک اس لیے بھی پسندیدہ ہے کہ اس کے متذکرہ اشعار مذہبی شاعری سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس حقیقت سے شاید ہی کسی کو انکار ہو کہ مذہبی شاعری کا کینوس، ادب کے مقابلے بہت چھوٹا ہوتا ہے۔ مذہبی شاعری کا کینوس چھوٹا ہونے کے سبب اکثر شعراء حضرات کو اس میں شاعری کے ہر قسم کے لوازمات کو آسانی سے سمو سکتا کار دارد کے مترادف ہوتا ہے۔ یہی سبب ہے کہ آج مذہبی شاعری کے بہت بڑے بڑے ذخائر اکثر ناقدین متوجہ نہیں ہوتے۔ مذہبی شاعری کے سلسلہ میں جہاں تک ہم کو معلوم ہے، ان میں چند نام ہی ایسے ہیں جنھیں بین الاقوامی سطح پر بڑی شہرت حاصل ہوئی ہے۔ اِن میں انگریزی ادب کے مِلٹن کی تخلیق پَیراڈائز لاسٹ کے علاوہ ہندی (اودھی) کے سب بڑے شاعر تلسی دار اور اردو شاعری میں میرانیس اور فارسی میں حکیم ابوالقاسم فردوسی سر فہرست نظر آتے ہیں۔ اِن لوگوں کے ایپِک کو دنیا بھر میں بڑی عزت حاصل ہے جبکہ میرانیس کے کلام کو ایپک پاروں کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے۔ بہر حال، ان سے قطع نظر کر کے اخیر میں میں شفیق الایمان صاحب سے امید کرتا ہوں کہ وہ بھی آنے والے وقت میں دیومالائوں کے سلسلہ میں کوئی بڑا کام ضرور کریں گے۔ ان کے لیے میر نیک خواہشات اور دعائیں۔
۔۔۔۔۔
وسیم حیدر ہاشمی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے