شب برات کی حقیقت اور حیثیت
محمد قمرالزماں ندوی
مدرسہ نور الاسلام کنڈہ پرتاپگڑھ
شعبان کی پندرہویں شب (شب براءت) رحمتوں برکتوں اور مغفرتوں کی رات ہے، یہ وہ رات ہے جس میں خود خدائی دینے اور نچھاور کرنے پر آتی ہے، اس رات مانگنے والا ہاتھ تو تھک سکتا ہے مگر عطا کرنے والا ہاتھ بغیر کسی ادنی تھکاوٹ کے پوری فیاضی اور فراخی و دریا دلی کے ساتھ دیتا ہی چلا جاتا ہے۔
اس رات مغفرت و بخشش اور رحمت و عطا کا سلسلہ سر شام ہی سے شروع ہو جاتا ہے اور یہ سلسلہ صبح تک جاری رہتا ہے اور بے شمار گناہوں کی بخشش ہوجاتی ہے، لیکن حدیث کی رو سے اس رات میں کاہن، جادو گر، شرابی، والدین کا نافرمان، زانی، حاسد، رشتے توڑنے والا اور ٹخنے سے نیچے کپڑا لٹکائے والا خدا کی بخشش عام سے محروم رہتا ہے۔ البتہ اگر یہ لوگ اپنے ان گناہوں اور خطاوں سے صدق دل سے توبہ کرلیں تو محروم نہیں رہیں گے اور خدا کی رحمت و مغفرت انہیں اپنی آغوش میں لے لیگی۔
یہ رات امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ایک خصوصی انعام اور تحفہ ہے استاد محترم حضرت مولانا برہان الدین سنبھلی مدظلہ العالی لکھتے ہیں :
اللہ تبارک و تعالٰی کے اپنے بندوں پر بے شمار معنوی و مادی انعامات برستے رہتے ہیں جن کا کھلے آنکھوں ہر ہوشمند مشاہدہ کرتا رہتا ہے، معنوی انعامات میں ایک انعام اللہ نے امت محمدیہ پر یہ کیا کہ چونکہ اس کی عمریں کم ہیں اور اللہ کے یہاں اس کے مرتبے بہت بلند ہیں اس لئے عمر کی کمی کی تلافی ایسے بعض خاص لیل و نہار( دن اور رات ) اور ساعتیں دے کر کی کہ ان میں تھوڑی سی مشغولیت بڑے بڑے انعامات کا مستحق بنا دیتی ہے، ان میں ایک ۰۰ لیلة القدر ۰۰ ہے جس کی فضیلت پر پوری ایک سورہ قران مجید میں نازل فرمائی اور جسے ایک ہزار مہینوں سے افضل قرار دیا، یعنی اس رات میں عبادت کرنے والا ۸۳ سال ۴ ماہ عبادت کرنے سے بھی بہتر ہے۔ اسی رات کی گویا کسی درجہ میں برابری کرنے والی لیلة البراءة ہے جو شعبان کے مہینہ کی پندرہویں رات ہے جس کی فضیلت پر اگر چہ مشہور تابعی حضرت عکرمہ رح نے سورئہ دخان کی ابتدائی آیت ان انزلناہ فی لیلة مبارکة کا مصداق لیلة البراءة قرار دے کر اہمیت ثابت کی ہے لیکن زیادہ تر علماء ان متعدد احادیث مرفوعہ اور درجنوں صحابئہ کرام رضی اللہ عنھم اور سینکڑوں تابعین اور ہزاروں علماء کبار و اولیاء اللہ چونکہ اس کی فضیلت پر متفق اور اس کی اہمیت کے قائل ہیں، اس کی اہمیت تسلیم کرتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود بعض حلقوں سے ( جن کی تعداد زیادہ نہیں) بسا اوقات ( خاص طور پر اس رات کے قریبی زمانہ میں ) طرح طرح کے اشکالات و شبہات پیدا کرکے اس سے فائدہ اٹھانے والوں کی راہ میں روڑے اتکاتے ہیں مگر سنت اللہ ایسے موقع پر ظاہر ہوتی ہے کہ اللہ تعالی علماء اور صلحاء میں ایسے بہت سے با توفیق افراد کو کھڑا کر دیتا ہے کہ وہ علمی، فکری اور ذہنی سطح پر ان روڑے اٹکانے والوں کا مقابلہ کرتے ہیں اور شکوک و شبہات کے چھبنے والے کانٹے نکال دیتے ہیں، فجزاھم اللہ خیر الجزاء
(پیش لفظ کتاب شب براءت حقیقت، فضیلت اور عمل خیر از مولانا خالد فیصل ندوی کلیت الشریعہ ندوۃ العلماء لکھنئو)
شبِ برات کی فضیلت
شبِ برات کی فضیلت کے سلسلے میں جو روایات ہیں اگر چہ زیادہ تر ضعیف ہیں لیکن تعدد طرق اور کثرت روایات کی بناء پر ان روایات کو ایک طرح کی قوت حاصل ہوجاتی ہے اور وہ مقبول اور حسن کے درجہ میں اجاتی ہیں۔ اس لئے اکابر امت اور علماء نے ان روایات کو قبول فرمایا ہے اور اس کی بنیاد پر اس رات کی فضیلت اور اہمیت کے قائل ہیں۔
چنانچہ علامہ ابن صلاح رح وغیرہ بعض اکابر محدثین نے لکھا ہے کہ غالبا اس کی کوئ بنیاد ہے۔ ( معارف الحدیث ۴/۱۷۴) اور مشہور اہل حدیث عالم دین اور ترمذی شریف کے شارح مولانا عبد الرحمن مبارک پوری رح نے فرمایا کہ یہ بات اچھی طرح جان لو کہ پندرہ شعبان کی فضیلت کے سلسلہ میں متعدد احادیث وارد ہیں، ان احادیث کے مجموعے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس رات کی شرہعت مین اصل اور بنیاد موجود ہے ( تحفة الاحوزی ۳/ ۳۰۲) پھر متعدد روایات ذکر کرنے کے بعد فرمایا : یہ احادیث مجموعی اعتبار سے ان لوگوں کے خلاف حجت و دلیل ہیں جن کا خیال ہے کہ پندرہ شعبان کی فضیلت کے سلسلہ میں کچھ ثابت نہیں ہے۔ (تحفة الاحوزی)
آج سے بیس تیس سال پہلے شب براءت کے سلسلہ میں اختلافات کم تھے اور عوام( لوگ) شک و شبہ میں زیادہ مبتلا نہ تھی ہر سال یہ شب لوگوں کے لیے شب بیداری کا پیغام لے کر آتی اور امت تلاوت و عبادت میں اس رات کو خصوصی طور پر گزارتی اور جس کو توفیق ملتی وہ قبرستان جاکر مرحومین کے لیے ایصال ثواب کرتی۔ ہاں یہ بھی حقیقت ہے کہ ایک بڑی تعداد اس رات رسم و رواج اور بدعات و خرافات میں مبتلا رہتی ہے۔
اب حالت یہ ہے کہ امت اس بارے میں افراط و تفریط میں مبتلا نظر آتی ہے جہاں ایک طبقہ نے اس رات کے بارے میں شریعت کی حد سے بڑھ کر بہت سے رسم و رواج کو اس میں شامل کر دیا ہے اور اس رات میں اپنی طرف سے کچھ عبادت خاص کر لیا ہے وہیں ایک طبقہ سرے سے اس رات کی فضیلت کا منکر ہے وہ اس رات جگنے اور عبادت کرنے کو بدعت قرار دیتا ہے۔ اور غلط افکار و خیالات سے متاثر ہوکر شب براءت کا کھلم کھلا انکار کرتا ہے۔
شب برات کے سلسلہ میں متعدد روایات
شب برات کے سلسلہ میں متعدد روایات موجود ہیں اور بعض روایات درجہ حسن تک پہنچی ہوئی ہیں۔ اس بارے میں جملہ روایات تقریبا پندرہ سے زیادہ صحابئہ کرام سے روایت ہیں ان میں سے اکثر اگر چہ انفرادی حیثیت سے سندا متکلم فیہ ہیں لیکن بحیثیت مجموعی وہ حسن اور مقبول کے درجہ میں ہیں یہ نہیں کہا جاسکتا کہ وہ سب بے اصل ہیں۔ اس لئے یہ ماننا اور تسلیم کرنا پڑے گا کہ شب برات کی فضیلت و اہمیت ثابت ہے ہاں اس رات میں کوئی مخصوص عبادت ثابت نہیں ہے۔ جس کو جیسی عبادت کی توفیق مل جائے تلاوت اور ذکر کی صورت میں وہ کر لے لیکن اس کا التزام فرض اور واجب کی طرح کرنا یا اس کا درجہ اس کے برابر دینا صحیح نہیں ہے۔
شب برات سے متعلق احادیث
جو لوگ شب برات سے متعلق احادیث کو کمزور اور ضعیف قرار دیتے ہیں اور اس بنیاد پر شب برات کی اہمیت کا انکار کرتے ہیں انہیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ حدیث کی اصولا تین قسمیں ہیں صحیح۔ حسن ضعیف پہلی دو قسمیں تو تقریبا ہر باب میں قابل قبول اور لائق استناد ہیں۔ لیکن تیسری قسم ضعیف کو محدثین چند شرائط کے ساتھ صرف فضائل کے باب میں معتبر مانتے ہیں شب برات کی فضیلت و اہمیت کا تعلق فضائل ہی کے باب سے ہے۔ احکام سے نہیں، ملا علی قاری شب برات سے متعلق حدیث کو ضعیف قرار دینے کے بعد لکھتے ہیں : لکن یعمل بالحدیث الضعیف فی فضائل الاعمال باتفاق العلماء (مرقاة ۲/ ۱۷۲ )
علماء کا اس بات اتفاق پر اتفاق ہے کہ فضائل اعمال میں ضعیف حدیث پر عمل کی گنجائش ہے۔
علماء حدیث کا اصول ہے کہ ایک ضعیف روایت اگر متعدد اسناد کے ساتھ نقل ہو تو حسن لغیرہ بن جاتی ہے اور اس پر عمل کرنا مخصوص حالات و احوال کو چھوڑ کر محدثین کے نزدیک جائز اور درست ہے۔ شب براءت سے متعلق احادیث و روایات کا یہی حال ہے کہ وہ جامع ترمذی سنن ابن ماجہ مسند بزار اور بیہقی میں مختلف سندوں سے مروی ہیں اس لئے ان پر عمل کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں اور شب براءت کو بدعت کہنا کسی بھی لحاظ سے درست نہیں۔
اس بات پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے کہ اگر کسی ضعیف روایت کی تائید امت کے تعامل سے ہوتی ہو اور مسلمان اس پر شروع سے ہی عمل کرتے آئے ہوں تو مزید قوت آجاتی ہے اور اسے رد کرنے کی گنجائش نہیں رہتی۔
اس رات میں صحابئہ کرام اور تابعین سے عبادت کرنا مضبوط روایات سے ثابت ہے علماء نے اس کی تحقیق کی ہے اور اپنی کتابوں میں دلائل کے ساتھ اس کو درج کیا ہے۔
غرض یہ رات مقدس اور رحمت و مغفرت والی رات ہے اللہ تعالی کے لطف و کرم کی دولت تو ہر رات کو لٹتی ہے اس رات زیادہ لٹے گی۔ رب کریم کی رحمتوں اور عنایتوں کا نزول تو ہر رات ہو ہوتا ہے اس مقدس سب میں اور زیادہ ہوگا۔ یہ رات عبادتوں مناجاتوں اور دعاؤں کی خصوصی رات ہے۔ اس رات میں بہت کچھ فیصلے ہوتے ہیں جن کا تذکرہ گزشتہ پیغام میں کیا جاچکا ہے۔
0 تبصرے