عالمی ” یوم باشندگان اصلی“
تحریر : توصیف القاسمی (مولنواسی) مقصود منزل پیراگپوری سہارنپور موبائل نمبر 8860931450
گزشتہ کئی سالوں سے میں پسماندہ طبقات کی تنظیم بامسیف BAMCEF کی ذیلی شاخ ”مولنواسی سنگھ “ کے ساتھ کام کر رہا ہوں، ان لوگوں کا مقصد ہے کہ بھارت کے ذرائع وسائل اور اقتدار پر اولین حق یہاں کے اصلی باشندوں کا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اصلی باشندے کون ہیں ؟ اس کا جواب دیتے ہوئے پسماندہ طبقات کے مفکرین ایک ہی بات کو دو طرح سے کہتے ہیں پہلا طریقہ تاریخی ہے اور دوسری سائنسی، تاریخی بات یہ ہے کہ برہمن بنیا اور ٹھاکر کے علاوہ تمام لوگ خواہ وہ کسی بھی مذہب کے ہوں — یہاں کے مولنواسی ہیں یہاں کے اصلی باشندے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ برہمن ایران کے راستے سے یوروپ سے آئے تھے ان لوگوں نے بھارت کے اصل باشندوں کی چراگاہوں پر حملے کیے، ان لوگوں کے ساتھ جنگیں کی اور اسطرح سے پورے بھارت پر قبضہ کرلیا، جن لوگوں نے آریہ برہمنوں کے سامنے سرینڈر نہیں کیا وہ پیچھے ہٹتے ہٹتے دور دراز کے جنگلوں میں رہنے لگے جنکو آج کل ”آدی واسی“ کہا جاتا ہے، جن لوگوں نے سرینڈر کیا ان کو 6743 ذاتوں اور ورگوں میں بانٹ دیا تاکہ یہ لوگ دوبارہ سر نہ اٹھا سکیں اور ان کی طاقت متحد نہ ہوسکے، ان میں سے بعض کو ”اچھوت “ کہا تاکہ یہ لوگ غلامی کی زندگی کو ہی اپنا مقدر مان لیں، اس پوری ”داستان بربریت“ کو ہندو لفظ کے ذریعے مذہب کا لبادہ پہنا دیا گیا اور یوں کروڑوں انسانوں پر برہمن چار ہزار سال تک راج کرتا رہا، جب کبھی کوئی طاقت یا نظریہ برہمن واد کے خلاف اٹھ کھڑا ہوتا تو مظلوم طبقات کے لوگ فوراً اس کو قبول کرلیتے اسی وجہ سے یہاں کے لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں عیسائیت اختیار کی، اسلام قبول کیا، سکھ ازم پھیلا اور دیگر مذاہب پھلے پھولے۔
دوسرا طریقہ سائنسی ہے، یہ لوگ بتاتے ہیں کہ DNA کی بنیاد پر برہمنوں کا تعلق یوروپ کے لوگوں سے ملتا ہے، ان لوگوں کا کہنا ہے کہ 21/ مئی 2001 کے ٹائمس آف انڈیا میں DNA test کی بنیاد پر چھپی رپورٹ کے مطابق بھارت کے اصلی مولنواسی Sc St Obc اور ان سے دھرم تبدیل کرنے والی اقلیتیں Minorities ہی ہیں۔
اقوامِ متحدہ نے 9/ اگست 1982 کو عالمی یوم باشندگان اصلی کی تجویز پاس کی تھی اور پھر 9/اگست 1994 سے International day of world's indigenous people ( انٹرنیشنل مولنواسی دیوس) یعنی ( یوم باشندگان اصلی) مناتا آرہا ہے اور اپنے ممبر ممالک کو یہ دن منانے کی تلقین کرتا ہے، مگر چونکہ یہ دن اپنے تاریخی پس منظر کے ساتھ ہندو دھرم اور ہندتوا کے خلاف ہے اس لیے بھارت میں منووادی سرکاروں نے اس دن پر جان بوجھ کر مٹی ڈالنے کی کوشش کی اور کبھی بھی سرکاری طورپر اس دن کو منانے کی ایسے اپیل نہیں کی جیسے ہر سال 21/ جون کو ”یوگا ڈے“ منانے کی کرتی ہیں، بلکہ اس کے برعکس بھارت کے اصلی باشندے کون ہیں ؟ اس سوال کے جواب میں بہت چالاکی سے یہ مشہور کردیا گیا کہ آدی واسی بھارت کے ”اصلی باشندے“ ہیں تاکہ پسماندہ طبقات سے سچائی چھپی رہے اور مولنواسی نظریے کی صداقت و طاقت جنگلات میں بھٹکتی رہے، باقی لوگ اندھے بہرے بن کر ہندتوا کی کشتی کے مسافر بنیں رہیں۔
نوٹ : پسماندہ طبقات کے مفکرین International day of world's indigenous people کو ”مولنواسی دیوس“ کہتے ہیں، میں نے اس کا اردو ترجمہ ”یوم باشندگان اصلی“ کردیا، یہ ترجمہ صحیح ہے کہ غلط ؟ یہ فیصلہ اردو زبان و ادب کے رمز شناس اصطلاح سازوں کا ہے۔ ہمیں ان کے مشورے کا انتظار رہے گا۔
0 تبصرے