جہد و مسلسل ہی کامیابی کی شاہ کلید ، ضیا الدین ندوی
دنیا میں ہر کام محنت کا متقاضی ہے بغیر محنت و مشقت کے کچھ حاصل نہیں ہوتا اور خصوصاً علم کے حصول میں تو محنت سب سے بڑی شاہ کلید ہے، بے اعتنائی سستی کے ساتھ علم حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
ان خیالات کا اظہار اعظم گڑھ سے تشریف لائے ملک کے نامور خطیب، معروف مصنف مولانا ضیاء الدین قاسمی ندوی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے جامعہ ام سلمہ دھنباد کے وسیع ہال میں منعقد ایک پروگرام میں کیا جو انہیں کے استقبال کیلئے منعقد کیا تھا۔
مہمان موصوف نے طالبات کو مخاطب کرکے مزید کہا کہ آپ کو کسی بھی حال میں ہمت نہیں ہارنی ہے یہ ہرگز مت سوچیں کہ ہم صنف نازک ہیں ہم کچھ نہیں کرسکتے ، تاریخ میں ایسی بہت سی خواتین ہیں کہ جنہوں نے اپنے علم و فضل کا لوہا منوایا اور بڑے بڑے کارہاے نمایاں انجام دئے، مزید انہوں نے طالبات کو حضرت عائشہ اور حضرت فاطمہ کی سیرت و کردار کو حرز جاں بنانے کی تلقین کی ، مہمان کے خطاب سے طالبات پر خاصا اثر دیکھنے کو ملا۔
موقع پر جامعہ ام سلمہ دھنباد کے بانی و ناظم حضرت مولانا آفتاب عالم صاحب ندوی دامت برکاتہم العالیہ نے مدرسہ کا تعارف کرایا اس کا پس منظر بیان کیا اور مدرسہ کے قیام میں جن جن حالات سے دوچار ہونا پڑا وہ سب بیان کیا جس سے مہمان موصوف کافی متاثر ہوئے اور جامعہ کے تئیں اپنے نیک خواہشات کا اظہار فرمایا۔
جامعہ کی طالبات نے اپنا ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جس میں مختلف زبانوں میں تقاریر اور نعت بھی شامل تھے پروگرام سن کر بہت متاثر ہوئے اور طالبات کو اپنی نیک دعاؤں سے نوازا۔
0 تبصرے