Ticker

6/recent/ticker-posts

فخرالدین عارفی : اردو کے معتبر افسانہ نگار اور معروف صحافی

آج 29 جنوری کو اردو کے معتبر افسانہ نگار اور معروف صحافی فخرالدین عارفی کےیوم ولادت کے موقعے پر خراج تحسین

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


اصل نام محمد فخر الدین قلمی نام فخر الدین عارفی 29 جنوری 1954 کو ریاست بہار کے محمدپور ,شاہ گنج ضلع پٹنہ میں پیدا ہوئے۔آپ کے والد کا نام محمد اظہار الحسن ہے۔ ایم ایے اردو بہار یونیورسٹی مظفرپور اور فاضل فارسی بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ سے مکمل کیا۔پھر ڈپلومہ ان ایجوکشن کی ڈگری عربک اینڈ پرشین، پوسٹ گریجویٹ اسٹنڈرڈ انسٹیٹیوٹ پٹنہ سے حاصل کیا اور شعبہ تعلیم حکومت بہار پٹنہ میں ملازمت اختیار کی اور درس و تدریس سے وابستہ رہے۔قسمت نے ان کے حصے میں مسلسل دکھ ہی لکھا تھا چنانچہ پہلے اکلوتی بہن پھر والدہ اور پھر جب وہ جوانی کی دہلیز پر قدم رکھ رہے تھے تو والد کی شفقت سے محروم ہوگئے۔اپنے اس دکھ پر قابو پانے کی خاطر انہوں نے قلم اٹھایا اور ان کی پہلی تخلیق ماہنامہ " مسرت" پٹنہ میں اکتوبر 1969 کو شائع ہوئ اور پھر وہ 1970 کے بعد اردو کے افسانوی ادب میں اپنی انفرادی شان و شوکت کے ساتھ خاصے مقبول ہوئے۔

افسانوں کا مجموعہ" سلگتے خیموں کا شہر " 1984 ء میں شائع ہوا۔دوسرا مجموعہ "شہر احساس زیر طبع ہے
قابل ذکر افسانوں کے نام ہیں
سلگتے خیموں کا شہر، لخت لخت۔ سہارا۔
منظر بہ منظر، تاریک راہوں کے ہمسفر، ایک اور طوفان، راستے،
پستک، شائد، منصوبہ، منی پلانٹ، کانٹا، راستہ، رشتہ، خوف زدہ۔ ہیروشیما کی ماں۔ انتظار۔ کاش۔
ایک نیا تاج محل، بو، نیا اندھیرا
پیار ایک خوشبو، شہر احساس وغیرہ ہیں

اس کے علاوہ ایک تنقیدی مضامین کا مجموعہ " تعمیر و تشکیل " اور بہار اسکول پر ایک مکمل کتاب " دبستان عظیم آباد : تعارف اور خدمات زیر طبع ہے۔

چند قابل ذکر ایوارڈز

ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں کئ ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔ چند قابل ذکر ایوارڈز میں " کلیم اللہ کلیم دوست پوری زبان و ادب ایوارڈ " جسٹس اکبر رضا جمشید ایوارڈ۔ "

بہار اردو اکادمی پٹنہ کا "سلگتے خیموں کا شہر"(1986) پر خصوصی ایوارڈ پھر بہار اردو اکادمی سے ہی مجموعئ ادبی و صحافتی خدمات کے لیےء بہار اردو اکادمی کا "
لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 07۔2006 "
ڈاکٹر منظرکاظمی ایوارڈ، اردو قبیلہ جمشید پور(جھارکھنڈ )،
ڈاکٹر عبد المغنی ایوارڈ، بزم فروغ ادب پٹنہ 2003
ٹیچرز ایوارڈ بہار لوک جیون، پٹنہ 2007 یوم اساتذہ کے موقعے پر۔ تعلیمی شعبے میں نمایاں کارکردگی کے لیےء۔
ساہتیہ اور سماج سیوا سمان، شاد عظیم آبادی اسٹڈی سرکل، اردو مرکز پٹنہ کا خصوصی ایوارڈ وغیرہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

افسانہ نگاری کے علاوہ تنقید نگاری اور صحافت بھی ان کے مشاغل

افسانہ نگاری کے علاوہ تنقید نگاری اور صحافت بھی ان کے مشاغل میں شامل ہیں۔وہ ماہنامہ "مریخ" پٹنہ کے 1983 سے 2005 تک مدیر بھی رہ چکے ہیں۔اس کے علاوہ وہ قومی و ریاستی سمینار و مشاعرے کی نظامت کے فرائض بھی 1970 تا حال انجام دے رہے ہیں مختلف علمی ادبی اداروں سے بھی ان کی وابستگی ہے جیسے
سکریٹری، جنرل سکریٹری و نائب صدر انجمن ترقی اردو بہار( از 1980 تا 2005)
جنرل سکریٹری حلقہ ادب، بہار (از 1970 تاحال )
جنرل سکریٹری انجمن فروغ اردو بہار پٹنہ
صدر بزم فروغ ادب پٹنہ
سابق رکن مجلس عاملہ بہار اردو اکادمی پٹنہ۔
سابق رکن مجلس عاملہ اردو مشاورتی کمیٹی، حکومت بہار
ان کے علاوہ وہ بہار ودیالیہ سیوا بورڈ پٹنہ کے ایکسپرٹ ممبر، اور دور درشن کیندر پٹنہ کے بھی لنگویج اکسپرٹ رہ چکے ہیں اور اپنی نگرانی میں نیوز ریڈرز کا پینل بنانے میں اپنا گراں قدر تعاون دے چکے ہیں۔ این سی آر ٹی اور اس۔ سی۔ ای آر۔ ٹی میں بھی بحیثیت اکسپرٹ نصابی کتابوں کی ترتیب و تہذیب کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ حکومت بہار کے سرکاری اسکولوں کی 1X اور X کی اردو کتاب "درخشاں " اور "روشنی " کے ایڈوٹوریل بورڈ میں آپ کا نام شامل ہے۔

معروف فکشن نگار نور الحسنین ان کے افسانوں کے بارے میں لکھتے ہیں " نئ نسل کے افسانہ نگاروں میں فخر الدین عارفی ایک ایسے افسانہ نگار کا نام ہے جس نے بیک وقت علامتی، تمثیلی افسانے بھی لکھے اور حقیقت پسندانہ اسلوب کو بھی برتا۔اس طرح انہوں نے دانشوروں کو بھی متوجہ کیا اور عام قاری سے بھی اپنا رشتہ قائم رکھا۔ان کے افسانوں میں شہلا، شہناز، جاوید اشرف، یاسمین جیسے جیتے جاگتے کردار بھی ہیں تو وہیں خارج سے باطن میں جھانکنے والا نئ نسل کا پسندیدہ کردار " میں " بھی دکھائی دیتا ہے۔

ڈاکٹر قاسم خورشید یوں رقمطراز ہیں" فخر الدین عارفی نئ نسل کے ایسے افسانہ نگار ثابت ہوئے ہیں جن کے یہاں شہر کا واضح تصور ملتا ہے۔ان کے افسانوں کا خاص موضوع" شہر" ہے جس کو انہوں نے بہت دیانت داری کے ساتھ قاری کے سامنے اپنے بیشتر افسانوں میں پیش کرنے کی بھرپور اور کامیاب کوشش کی ہے۔اس کے ساتھ ہی انہیں دوسرے اہم موضوعات پر بھی دسترس حاصل ہے اور جدید افسانوی ادب میں وہ اپنی ان خوبیوں کی بنیاد پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے "

اردو کے ممتاز ناقدین اور ادبا و شعرا میں ریس امروہوی۔ بشیر بدر۔ ڈاکٹر عنوان چشتی۔ ڈاکٹر قدوس جاوید۔ پروفیسر علیم اللہ حالی۔ پروفیسر عبدالمغنی۔ پروفسر اعجاز علی ارشد۔ شین مظفر پوری۔ شفیع مشہدی۔ پروفیسر وہاب اشرفی۔ شفیع جاوید۔ احمد یوسف۔ محمود واجد۔ کلام حیدری۔ ڈاکٹر قیام نیّر۔ صبا اکرام۔ نظام صدیقی۔ سلطان اختر۔ پروفیسر عبدالمنان طرزی عبدالصمد۔ احمد صغیر۔ ڈاکٹر شفیع الزماں معظم اور ڈاکٹر زرنگار یاسمین نیز اختر واصف۔ رحمان شاہی۔ قیصر رضا اور رفیع حیدر انجم۔ نسیم احمد نسیم وغیرہ جیسے لوگ فخرالدین عارفی کی افسانہ نگاری پر خامہ فرسائ کرچکے ہیں۔ پروفیسر عبدالمغنی اپنے ایک مضمون " فخرالدین عارفی میری نظر میں " ان کی افسانہ نگاری کے تعلق سے یوں رقم طراز ہیں :

فخرالدین عارفی ایک جدید افسانہ نگار ہیں

"فخرالدین عارفی ایک جدید افسانہ نگار ہیں اور بالعموم فلسفیانہ قسم کے ایسے افسانے لکھتے ہیں جن میں وہ ماجرا سازی اور کردار نگاری سے زیادہ زور انشا پردازی اور اظہار احساسات پر دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک خوبی ان کے افسانوں میں عام طور پر پایء جاتی ہے اور وہ یہ کہ آج کے بہتیرے افسانہ نگاروں کے برخلاف فخرالدین عارفی صحیح۔ صاف اور خوب صورت زبان لکھتے ہیں اور اگر ان کے شعور کی رو پڑھنے والے کی گرفت میں آجاتی ہے تو وہ واضح طور پر ان کی بات سمجھ جاتا ہے۔ "

افسانوی مجموعہ " سلگتے خیموں کا شہر "

ڈاکٹر بشیر بدر فخرالدین عارفی کی کتاب پر تبصرہ کرتے ہوےء رسالہ " آجکل " نیء دہلی میں تحریر کرتے ہیں کہ :
"فخرالدین عارفی بہت خوب صورت زبان لکھتے ہیں۔ ان کی خوب صورت زبان ان کے کسی بھی افسانے کو قاری پڑھنے کے لیےء خود کو مجبور محسوس کرتا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی کہانی " دیوار " کی مثال دی جاسکتی ہے۔ محبت کی ایک سیدھی سادی کہانی کو فخرالدین عارفی نے اس طرح سے برتا ہے کہ اردو کی رومانی کہانیوں میں یہ کہانی ہمیشہ یاد رکھی جاےء گی۔ " ( ماہنامہ آج کل نیء دہلی۔ میء 1986 ء صفحہ نمبر 45 )

فخرالدین عارفی افسانہ نگاری کے ساتھ ساتھ صحافت سے بھی وابستہ رہے ہیں اور تقریباّ پچیس برسوں تک وہ ایک انتہایء مقبول اور معیاری رسالہ ماہنامہ " مریخ " کے معاون مدیر رہ کر رسالے کی ترتیب و تہذیب کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔ فخرالدین عارفی اردو کے تقریباّ تمام معیاری رسالوں میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ مثلاّ "آج کل " نیء دہلی۔ " شب خون " الہّ آباد " "تحریک " نیء دہلی۔ "نشانات " مالیگاوں " ناسک۔ "آواز " نیء دہلی۔ "نیا دور " لکھنوء۔ "بیسویں صدی " نیء دہلی۔ "صریر " کراچی پاکستان۔ " سیّارہ " پاکستان۔ "منشور " پاکستان۔ "صبح نو " پٹنہ۔ " مریخ " پٹنہ۔ "زیور " پٹنہ۔ "واقعات " نیء دہلی۔ "کوہسار "۔ "وائس آف بہار "۔ "ایوان اردو " نیء دہلی۔ "سب رنگ " ممبیء۔ " مسرت " پٹنہ۔ " پیام تعلیم " نیء دہلی۔ "آہنگ" گیا۔ " زبان و ادب " پٹنہ۔ "پالیکا سماچار " نیء دہلی۔ " دہلی " نیء دہلی "

دیوار

از فخر الدین عارفی
شہلاسے میری ملاقات کوئی بہت پرانی نہیں، لیکن بالکل نئی بھی نہیں ہے۔ وہ میرے اسکول سے نزدیک ہی ایک دوسرے سرکاری اسکول میں اسسٹنٹ ٹیچر کی حیثیت سے کام کرتی ہے……
شہلا سے میرا تعارف گذشتہ سال ایک EVALUATION CENTRE میں کاپیوں کی جانچ کے دوران ہوا تھا، لیکن یہ تعارف بہت دنوں تک صرف تعارف ہی رہا، دوستی اور اپنائیت میں نہ بدل سکا…… لیکن ادھر چند مہینوں میں مجھے اس سے ملنے، باتیں کرنے، سننے اور بولنے کا موقع ملا ہے اور اس قلیل عرصے میں شہلا کو میں نے اتنے قریب سے دیکھا، پرکھا، سمجھ اور جانا ہے کہ اب اس کی زندگی، میرے سامنے ایک ایسی کتاب کی مانند ہے جس کا نہ صرف یہ کہ ہر صفحہ، سطر، جملہ، بلکہ لفظ لفظ اور حرف حرف میرا پڑھا اور سمجھاہوا ہے……دوسری جانب میری اپنی زندگی کا بھی کوئی واقعہ، قصہ، حادثہ اور ماجرا شاید ایسا نہیں ہے جو شہلا سے پوشیدہ ہے___

شہلا سے ملاقات سے قبل میں پیار و محبت کا بالکل قائل نہ تھا اور لفظ پیار میرے نزدیک ایک خوب صورت کھیل، ایک حسین دھوکا اور جسم کی پیاس بجھانے کے لئے ہوس کے ایک ایسے چھلکتے ہوئے خوب صورت جام سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا تھا، جس کو ہونٹوں سے لگانے کے بعد پیاسے کی پیاس اور بھی تیز ہوجاتی ہے…… لیکن شہلا سے ملاقات کے بعد فوراً ہی مجھے یہ محسوس ہوا تھا کہ میرے نظریے کی بنیادیں بہت ہی کمزور اور کھوکھلی ہیں……

شہلا کی باتوں میں جادو کا اثر ہے، اس کے خیالات میں فرشتوں کا تقدس اور پاکیزگی ہے، جذبات میں معصومیت اور دل میں انسانیت کا سچا درد ہے اور وہ سب کچھ ہے جو کسی بھی انسان کو اپنا گرویدہ بنانے کے لئے کافی ہوتا ہے۔……

اچھی گفتگو بغیر کسی کوشش یا ارادے کے دو انسانوں کو ہمیشہ ایک دوسرے کے قریب کردیتی ہے، قریب اور اموشنل بھی… اور شہلا کی دوسری بہت ساری ادائوں کے ساتھ اس کی ایک یہ ادا بھی مجھے بہت پسند ہے، وہ ہمیشہ بہت پیاری پیاری باتیں کیا کرتی ہے، اس کی باتیں جذباتی اور خوب صورت ہوا کرتی ہیں جو دل کے آبگینے کو پگھلا کررکھ دیتی ہیں، اس کی زبان سے نکلے ہوئے ایک ایک لفظ سے پیار و محبت اور جوش وولوکے کا ایک چشمہ سا ابلتا ہے۔ لیکن جوش کے ساتھ ہوش اور جذبات کے ساتھ دانش مندی کے دامن کو وہ کبھی اپنے ہاتھ سے چھوٹنے نہیں دیتی ہے……

مجھے اچھی طرح یاد ہے، ایک روز اس نے مجھ سے کہا تھا:
’’انسان کی زندگی میں جو شئے مرکزی حیثیت اختیار کرلے اسے پالینا سب سے بڑی خوشی اور اسے کھودینا سب سے بڑا غم ہوتا ہے۔……‘‘اور یہ کہہ کر وہ بالکل خاموش، اُداس اور مغموم ہوگئی تھی، جیسے خود بھی اپنی باتوں کی تہہ میں اترنے کی کوشش کررہی ہو۔ اسے اُداس و افسردہ دیکھ کر میں بالکل تڑپ اٹھا تھا۔ لیکن میری زبان پر شاید کسی نے سخت پہرے لگادیئے تھے اور بہت کچھ کہنا چاہتے ہوئے بھی میں شہلا سے کچھ نہ کہہ سکا تھا۔ پھر بڑی کوششوں کے بعد ہمت کرکے جب میں نے لب کشائی کی جرأت کی تھی تو میری زبان سے صرف اتنا نکل سکا تھا:

’’شہلا……‘‘ اور اس ایک لفظ سے زیادہ میرے منہ سے کچھ نہ نکل سکا تھا۔ دل میں جذبات و احساسات کا ایک طوفان سا اٹھ رہا تھا، چاہتا ضرورتھا کہ شہلا سے دل کی ساری باتیں کہہ دوں، اسے یہ بتادوں کہ میری زندگی کا بھی ایک مرکز ہے اور وہ مرکز شہلا خود تم ہو، تم اور صرف تم……

لیکن آہ، میں کتنا مجبور تھا، ایک بالکل بے بس انسان، جس کی زبان پر حالات کی تلخیوں نے پہرے بٹھادیئے تھے اور لب پر مہر سکوت ثبت کردی گئی تھی……

شہلاایک شادی شدہ عورت ہے، اپنے سہاگ کی امانت اور اس ننھے وجود کا مستقبل جس کی نقل و حرکت ان دنوں وہ اپنے پیٹ میں شدت سے محسوس کررہی ہے۔

شہلا کا شوہر ایک ڈاکٹر ہے، ایک ایسا ڈاکٹر جس کے یہاں دن رات مریضوں اور ملنے جلنے والوں کا ایک ہجوم رہتا ہے، دولت کی افراط ہے اور یہ دولت ڈاکٹر سجّاد کی زندگی میں کوئی نئی نہیں، بلکہ خاندانی ہے۔ ڈاکٹر سجّاد کے والد بھی اپنے وقت کے ایک مشہور فیزیشین (PHYSICIAN) کی حیثیت سے ملک بھر میں مشہور تھے اور انہوں نے بے انتہا دولت کمائی، جس کا آج تنہا وارث ان کا اکلوتا بیٹا ڈاکٹر سجّاد ہی ہے……

کہا جاتا ہے کہ جس کے پاس دولت ہوتی ہے، اس کو دولت کی ہوس بھی کچھ زیادہ ہی ہوتی ہے اور ڈاکٹر سجّاد اس کی ایک زندہ مثال تھا۔ ڈاکٹر سجّاد کا شاید یہ خیال تھا کہ انسان کی ساری خوشیوں کے سوتے دولت اور امارت کے چشمے سے ہی پھوٹتے ہیں، دولت سے انسان دنیا کا ہرسکھ، شانتی اور خوشی خریدسکتا ہے، لیکن کاش ڈاکٹر سجّاد کو کوئی یہ سمجھا سکتا کہ اس کا ایسا سوچنا کتنی بڑی نادانی اور بھول ہے، ایک ایسی بھول جس کے نتیجے، ہمیشہ بہت تلخ اور سنگین برآمد ہوتے ہیں۔

شہلا نے شادی سے قبل ہی ڈاکٹر سجاد کے کافی چرچے سن رکھے تھے، اس لئے کہ ایک کامیاب سرجن کی حیثیت سے اس کی شخصیت شہر اور بیرون شہر میں کسی تعارف کی محتاج نہ تھی، چنانچہ جب ایک روز گھر میں شہلا کو یہ خوش خبری سننے کو ملی تھی کہ ڈاکٹر سجاد بہت جلد اس کی زندگی میں اس کا محافظ بن کر داخل ہونے والا ہے تو وہ خوشیوں کے جذبات سے سرشار اور مخمور ہو اٹھی تھی، اس کا دل گلاب کی کسی کلی کی طرح کھل اٹھا تھا اور اس کی بھینی بھینی خوشبو اسے کتنی بھلی محسوس ہئی تھی۔ پھر نہ جانے کیا سوچ کر وہ آپ ہی آپ مسکرانے لگی تھی، اس کے ہونٹوں کی پنکھڑیاں تھرتھرا اٹھی تھیں جیسے باد صبا کے ہلکے ہلکے جھونکے سے کنواری کلیوں کا وجود لرز اٹھتا ہے……

’’پگلی! تو سمجھتی ہے کہ کسی کو ٹوٹ کر صرف لٹریچر پڑھنے والا ہی چاہ سکتا ہے…… بایو کیمسٹری، فیزکس اور بائیلوجی پڑھنے والے ڈاکٹر کے پاس بھی تو ایک دل ہوتا ہے جس میں دھڑکنیں ہوتی ہیں……‘‘

وہ زیر لب بڑبڑائی تھی، اسے پہلی مرتبہ اپنے دل میں ایک عجیب سی کیفیت کا احساس ہوا تھا اور تب وہ کسی کے لبوں کو چومنے کی آرزو میں کانپتے ہوئے ہونٹوں اور کسی کے قدموں کی چاپ سن کر زرد پڑجانے والے چہرے کی ملی جلی کیفیتوں کے درمیان پنڈولم کی مانند اپنے جھولتے ہوئے وجود کو بڑی مشکلوں سے سنبھال پائی تھی۔ پھر بھی اسے پہلی مرتبہ ایسا محسوس ہوا تھا جیسے اس کے وجود کی اتھاہ گہرائیوں سے کوئی چیز پھڑپھڑاتی ہوئی باہر نکل گئی ہو اور تب وہ نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی پلکوں پر کچھ خواب سا سجا بیٹھی تھی___

لیکن ڈاکٹر سجاد نے شہلا کی آنکھوں کے دریچے سے جھانک کرکبھی اس کے من کے اندر سلگتے ہوئے الائو کو دیکھنے کی کوشش نہیں کی تھی جو ہر لمحہ اس کے وجود کو موم کی طرح پگھلا رہا تھا۔ وہ تو ایک شکاری تھا جو آکاش میں اڑتی ہوئی ایک سنہری چڑیا کے پیچھے دیوانہ وار بھاگ رہا تھا۔ چڑیا کبھی کبھی آسمان کی بلندیوں سے اس پر ایک نظر ڈالتی اور پھر چوں چوں کرتی ہوئی اپنی اڑان کو کچھ اور تیز کردیتی۔ لیکن اس چڑیا کا من ہرلمحے ڈوبتا چلا جارہا تھا جسے ڈاکٹر سجاد نے اپنے آنگن میں سونے کے ایک پنجڑے میں قید کررکھا تھا…

وقت کی سوئی ہوئی دوشیزہ نے ایک کروٹ لی، حالات نے اس کے سپنے کو ساکار کردیا اور اس کی مانگ میں افشاں بھردی گئی……

اس روز اس کا گھر دلہن کی طرح سجایا گیا تھا، برقی قمقموں کی جگمگاہٹ سے سارا گھر آنگن روشنیوں میں ڈوبا ہوا تھا، اور اس کی تمام سکھی سہیلیاں چاروں طرف سے اسے گھیرے ہوئے تھیں۔ ہر طرف سے اس پر طنز کے تیر برسائے جارہے تھے، ایسے تیر جن میں نشاط و کیف اور سرور کی چبھن بھی پوشیدتھی……

یاسمین کہہ رہی تھی، ’’دیکھو نا آج ہی سے اس نے اپنی نظریں بدل ڈالی ہیں جیسے ہم لوگوں میں سے کسی کو پہچانتی ہی نہیں ہے……‘‘

شائستہ نے بھی ہاں میں ہاں ملائی تھی: ’’ہاں بھئی، ٹھیک ہی تو ہے، ہم لوگوں میں اب چارم ہی کیا رکھا ہے اس کے لئے، اب تو اسے ڈاکٹر صاحب کی مضبوط بانہوں کا سہارا مل چکا ہے……‘‘

گیتا نے بھی ایک چٹکی لی تھی: ’’تم لوگ شاید جلنے لگی ہو میری شہلا سے، اگر ابھی سے ہی بیچاری نے اپنے من مندر کے دیوتا کی پوجا شروع کردی ہے تو اس میں بھلا حرج ہی کیا ہے……؟‘‘

’’واہ یہ بھی کوئی بات ہوئی کہ رشتے ناطے کے تمام بندھنوں کو کوئی ایک ہی جھٹکے میں توڑ ڈالے؟؟‘‘

نگارینہ نے بھی اپنے ترکش سے ایک تیر چلایا تھا۔ لیکن شہلا تو ان تمام باتوں سے بے نیاز، اپنی آنکھیں بند کئے، کچھ شرمائی اور کچھ گھبرائی گھبرائی سی تمام رات یہی سوچتی رہی تھی کہ سجاد اب صرف اس کا ہے، وہ اب اپنی زندگی کی آخری سانس تک اسے پیار کرسکے گی، اسے دل بھر کر دیکھ سکے گی، اس کے جسم کو چھوسکے گی اور اس کی بیوی کہلائے گی۔ لیکن نہ جانے کیوں جیسے یہ ٹھوس حقیقتیں اس کے ہاتھ سے کسی چکنی مچھلی کی طرح پھسل کر بھاگ جانا چاہتی تھیں۔ وہ اپنی مٹھیوں کو کس لیتی، لیکن اس کی تمام انگلیاں تھرتھرانے لگتیں، گرفت کمزور پڑجاتی اور پسینے سے اس کا سارا بدن شرابور ہواٹھتا…… اور واقعی مسرت کے لمحات اس کی زندگی سے بھاگتے رہے، بادلوں کی طرح ہوائوں کے دوش پر سوار ہوکر اور اس کے من کی دھرتی سدا پیاسی ہی رہی، اس سلگتے ہوئے ریگستان کی طرح جس کا دامن پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترستا رہتا ہے……

وقت پنکھ لگاکر ہر لمحے مائل پرواز رہا، حالات بدلتے رہے اور شہلا روز بروز اپنے وجود کے خوفناک اور بھیانک سناٹے کی گہرائیوں میں ڈوبتی اور اترتی ہی چلی گئی……

اس نے سوچا تھا کہ شادی کے بعد وہ اپنی نوکری کو خیر باد کہہ دے دی۔ لیکن اب تو اس کی نوکری ہی اس کے جینے کا واحد سہارا تھی۔ اسی کے سہارے تو وہ اپنے گھر کے اذیت ناک ماحول سے باہر نکل کر فضا میں چند گھنٹوں کی خاطر قدرے سکون و اطمینان کی سانس لے سکتی تھی۔ لیکن گھر لوٹنے کے بعد تو پھر وہی اذیت ناک تنہائی، کرب زدہ ماحول، ریزہ ریزہ احساس اور ٹی وی یا ریڈگرام کی گھن گرج اس کے ذہن و دماغ پر جیسے ہتھوڑے برساتی تھی اور وہ تڑپ تڑپ اٹھی۔

کمرے میں کولر کی تیز ہوا کی سائیں سائیں تو جیسے اس کے دل میں سوئے ہوئے کئی درد جگادیتی ہے، اس کا زخم ہرا ہوجاتا ہے، اور وہ اپنے اندر ایک ٹیس محسوس کرتی ہے جیسے کوئی ناگ ہر لمحہ اس کے احساس کے بدن کو ڈس رہا ہو۔___اور ان ہی کیفیتوں کے درمیان بڑی خاموشی اور صبر و ضبط کے ساتھ شہلا اپنی زندگی کے شب و روز گذاررہی تھی۔ درحقیقت اس کی زندگی چپ چاپ بہتی ہوئی اس ندی کی طرح تھی جس میں اچانک کسی نے ایک پتھر دے مارا تھا۔ لہریں تھیں کہ پھیلتی جارہی تھیں۔ ایک کے بعد دوسری، پھر تیسری…… یہ رک جاتیں تو وہ اپنے آپ کو سمیٹ لیتی، لیکن نہ پتھر پانی میں ڈوب رہا تھا اور نہ لہروں کا پھیلائو تھم رہا تھا۔ وہ اکثر ساری ساری رات درد کے بستر پر کروٹیں بدلتے ہوئے گذار دیتی، رات گئے سجاد اپنی کلینک سے لوٹتا تو وہ اس کی قدم بوسی کے لئے اپنی نگاہیں بچھادیتی، اپنی بانہوں کا ہار اس کے گلے میں ارپت کرتی، اپنے کپکپاتے ہوئے لبوں کا تحفہ پیش کرتی۔ لیکن سجاد تو جیسے اپنے جسم میں ملتا ہی نہیں تھا وہ تو پتھر تھا، پتھر اور نرا پتھر کہ جسے تراش خراش کر خوب صورت اور دیدہ زیب تو بنایا جاسکتا ہے مگر اس میں جان نہیں پیدا کی جاسکتی___اور اس طرح شہلا کی سینکڑوں تمنائیں اور آرزوئیں روزانہ اس کے اپنے وجود کے اندر ہی سسک سسک کر دم توڑتی رہیں اور ان ہی سینکڑوں تمنائوں اور آرزوئوں کے ساتھ اس کی زندگی کی ایک یہ معمولی آرزو بھی ہمیشہ تشنہ بہ لب ہی رہی تھی کہ کاش کبھی سجاد جسم کی طلب کے بغیر بھی، پیار سے اسے اپنی بانہوں میں جکڑ لیتا یا اس کے کاندھے پر ہاتھ ہی رکھ دیتا۔ لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا اور شہلا تڑپتی ہی رہی……

لیکن شہلا آخر کب تک ان باتوں کو برداشت کرسکے گی؟ زہر کے اور کتنے گھونٹ اسے پینے ہوں گے؟ وفا کی راہ میں اور کتنی دور تک اسے انگاروں پر چلنا ہوگا؟ اب تو اس کے پائوں لہو لہان ہوچکے ہیں، زہر کے اثرات نے اس کے جسم کو نیلگوں کردیا ہے اور دکھ کا کانٹا اس کے حلق میں بہت دور تک گڑتا چلا جارہا ہے۔……

کیا خبر کب کمزور لمحے اس کا مقدر بن جائیں اور شہلا کسی گہری اور بہت گہری نیند میں کہیں ڈوب جائے…… لیکن نہیں۔ میں ایسا ہرگز نہیں ہونے دوں گا۔ میں شہلا کو اپنی جان دے کر بھی بچائوں گا، اسے ایک نئی زندگی دوں گا، زندگی کے جس آبدار موتی کی تلاش و جستجو میں وہ دربدر بھٹک رہی ہے۔ میں وہ موتی اس کے قدموں میں رکھ دوں گا……
اور تب میں فیصلہ کرلیتا ہوں کہ کل ہی شہلا سے ملاقات کرکے اس سے بالکل فیصلہ کن باتیں کروں گا۔ شہلا نے میری زندگی میں مرکزی حیثیت حاصل کرلی ہے، میں اسے ٹوٹ کر چاہتا ہوں اور شہلا بھی تو……

fakhruddin-arefi-authoritative-urdu-fiction-writer-and-leading-journalist
فخرالدین عارفی : اردو کے معتبر افسانہ نگار اور معروف صحافی

پھر اس ڈاکٹر سجاد کو کیا حق پہنچتا ہے کہ وہ ہماری محبتوں کا خون کرے! ہمارے بیچ میں دیوار بنارہے؟……
میں ہر دیوار کو مسمار کردینے کا پختہ عزم کرلیتا ہوں، لیکن اسی پل مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرے اندر جیسے کوئی شئے ایک جھناک کی آواز کے ساتھ ٹوٹ کر رزہ ریزہ ہوجاتی ہے، اس کی کرچیوں کو میں اپنے دل میں چبھتا ہوا محسوس کرتا ہوں۔ ساتھ ہی مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے میرے دل کے اندر سینکڑوں، ہزاروں کرچیاں ایک ساتھ چیخ چیخ کر مجھ سے ایک ہی سوال کررہی ہوں کہ:
دیوار کون ہے……؟
دیوار کون ہے……؟؟
دیوار کون ہے……؟؟؟
کہیں ایسا تو نہیں ہے کہ ڈاکٹر سجاد اور شہلا کے مقدس رشتے کے درمیان سب سے بڑی دیوار خود تمہاری شخصیت ہو؟
’’نہیں یہ جھوٹ ہے، یہ سراسر جھوٹ ہے……‘‘
میں اپنی پوری طاقت کے ساتھ چیخ پڑتا ہوں۔ لیکن میری آواز جیسے میرے حلق میں ہی کہیں اٹک کر رہ جاتی ہے۔
٭٭٭
انتخاب اور پیشکش
سلمی صنم

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے