Ticker

6/recent/ticker-posts

الوداع ماہِ رمضان شاعری جمعۃ الوداع پر اشعار اَلْوَداع ماہِ رمضان نظم

رمضان المبارک کے اختتام پر شاعری نظم جمعۃ الوداع کی شاعری

alvida-mahe-ramzan-shayari-jumma-tul-wida-poetry-in-urdu-alwidah-mah-e-ramadan-shayari

الوداع ماہِ رمضان شاعری جمعۃ الوداع پر اشعار اَلْوَداع ماہِ رمضان نظم

رمضان چَلا
بَن کے آیا تھا جو سب خوشیوں کا سامان، چَلا
اس لیے غم سے ہے نم آنکھ کہ رمضان چَلا

رب نے نازل کیا قرآنِ مقدس جِس میں
سب مہینوں کا بَنایا جسے سلطان چَلا

جِس کی آمد سے لگا جان میں جاں آئی تھی
اپنے عشاق کو کر کے وہی بے جان چَلا

ہائے رمضان تِرے جانے سے دِل ٹوٹتا ہے
کتنی جلدی تُو مِرے دِل کے اے ارمان چَلا

تیری خوشبو سے معطر تھی سبھی کی دھڑکن
کر کے اب دِل کے گلستاں کو تو ویران چَلا

تیری آمد سے جو بکھری تھی لبوں پر سب کے
ساتھ ہی اپنے لیے وہ سبھی مسکان چَلا

جِس کی سحری کا مزہ اور تھا افطار کا اور
مومنیں جِس پہ ہیں سَو جان سے قربان چَلا

زندگی باقی رہی گر تو ملے گا یہ ضرور
ورنہ توصیفؔ سمجھ آخری رمضان چَلا
9594346926
از۔ توصیف رضا رضوی باتھ اصلی سیتا مڑھی بہار انڈیا

ماہ رمضاں الوداع نظم اردو

ماہ رمضاں الوداع

زندگی میں پھر تُو آنا ماہِ رمضاں! الوداع
دید اپنی پھر کَرانا ماہِ رمضاں! الوداع

مرتبہ ہے سب مہینوں میں تِرا سب سے بڑا
عاصیوں کو بخشوانا ماہِ رمضاں! الوداع

نور سے تیرے منور تھے ہمارے روز و شب
دِل کو بھی روشن بنانا ماہِ رمضاں! الوداع

مجھ سے بد اعمال کی جب ہو جہنم منتظر
اُس گھڑی آکر بَچانا ماہِ رمضاں! الوداع

گرمیِ محشر میں جب کوئی نہ ہو پُرسانِ حال
اپنے دامن میں چھپانا، ماہِ رمضاں! الوداع

بھول کب پائیں گی آنکھیں سحری و افطار کا
وہ تِرا منظر سُہانا، ماہِ رمضاں! الوداع

پھر تو اپنی برکتوں سے رحمتوں سے مہرباں
سب دِلوں کو جگمگانا ماہِ رمضاں! الوداع

چھوڑ کر جاتا ہے، جب تیرے لیے ہر ایک کا
ہوگیا تھا دل دیوانہ ماہِ رمضاں! الوداع

دینا جب عُشّاق کو پروانۂ خلدِ بریں
تو ہمیں مت بھول جانا ماہِ رمضاں! الوداع

مجرم و بدکار ہوں اقبال ہے، پَر سوئے خلد
تو مجھے کرنا روانہ ماہِ رمضاں! الوداع

یاد ہے مجھ کو تِرا جب چاند آیا تھا نظر
وہ ہر اِک کا مسکرانا ماہِ رمضاں! الوداع

میں رہوں طیبہ میں، روزہ آخری ہو زیست کا
ایک بار ایسے بھی آنا ماہِ رمضاں! الوداع

پھر تو آنا زندگی میں ہے دعا توصیفؔ کی
دِل سے ہر اِک غم مٹانا ماہِ رمضاں! الوداع

از۔ توصیف رضا رضوی باتھ اصلی سیتا مڑھی بہار انڈیا 9594346926

رمضان! الوداع مہِ رمضان! الوداع

کلام- توصیف رضا رضوی باتھ اصلی

افلاس کے ماروں کے نگہبان الوداع
رمضان! الوداع مہِ رمضان! الوداع

ہر ایک سے ہے اونچی تِری شان الوداع
رمضان! الوداع مہِ رمضان! الوداع

آمد سے تیری آیا تھا ہر قلب کو قرار
اب تو ہر ایک کو ہے چلا‌ کر کے بیقرار
تیری ہر اِک ادا میں تھی فردوس کی بہار
ہم بھول کب سکیں گے تِری بان، الوداع

رمضان! الوداع مہِ رمضان! الوداع


غمگیں ہر ایک دل ہے، ہر اِک آنکھ اشکبار
لایا تھا اپنے ساتھ میں تو موسمِ بہار
کی گر وفا حیات نے، مِلنا تو بار بار
جاتا ہے اب تو لَوٹ کے مہمان! الوداع

رمضان! الوداع مہِ رمضان! الوداع


بندوں کو تو تھا رب سے مِلانے کا اِک سبب
تیرے غمِ جدائی میں اب ہیں اداس سب
واللّٰه سب کو آئے گا تو یاد روز و شب
کہتا ہے دِل یہ رو کے، مِری جان! الوداع

رمضان! الوداع مہِ رمضان! الوداع


ہے بات ہی الگ تِری ہر ایک بات میں
تونے کَرم کے پھول‌کھِلائے حیات میں
پیغامِ صبر تونے دیا مشکلات میں
بخشش کا بَن کے آیا تھا سامان، الوداع

رمضان! الوداع مہِ رمضان! الوداع


تیرے کرم سے چار سو کیف و سُرُور تھا
جاتی نظر جدھر تھی فقط نور نور تھا
منگتا ہو یا ہو شاہ ہر اِک غم سے دور تھا
محشر میں ہم پہ کرنا تو میلان، الوداع

رمضان! الوداع مہِ رمضان! الوداع


دِل سے نہ میرے نور تِرا جائے عمر بھر
نکلے جو روح تن سے، ہو جب آخری سفر
حسرت ہے تیری گود میں توصیفؔ کا ہو سر
اے میرے دوجہاں کے مہربان الوداع

رمضان الوداع مہِ رمضان الوداع

از۔ توصیف رضا رضوی باتھ اصلی سیتا مڑھی بہار انڈیا
+91 9594346926


الوداع اے ماہ فرقاں الوداع : الوداع نظم

الوداع
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

الوداع اے ماہ فرقاں الوداع
تجھ سے ہم رہتے تھے فرحاں الوداع

رحمت باری رہی تیرے سبب
بھولنا تجھ کو نہ آساں الوداع

سحری و افطار کے وہ وقت نور
تھا تو برکت کا گلستاں الوداع

شاعری کرتے تھے ماہ نور پر
کہہ رہے ہیں سب سخن داں الوداع

قدر والی رات تیری خاصیت
تجھ میں تھی تقدیس چسپاں الوداع

عرس حیدر بھی منایا دہر نے
تو ہے پیارا از دل و جاں الوداع

یاد فتح مکہ کی آءی ہمیں
سب مہینوں کا تو سلطاں الوداع

جمعہ تیرا آخری بھی خوب تھا
سید الایام تاباں الوداع

ضابطے کے ساتھ جینا ہے ہمیں
تو نے دی تعلیم خوباں الوداع

تیری ہی اک رات میں اے ماہ نور
ہوگیا نازل تھا قرآں‌ الوداع

تجھ سے صحت مل گءی بیماروں کو
تجھ پہ ہے ہر شخص قرباں الوداع

جلد آنا "عینی" کی تو زیست میں
لیکے پھر رحمت کی باراں الوداع
۔۔۔۔۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے