Ticker

6/recent/ticker-posts

مسلمانوں پر سنگین حالات آنے کی اہم وجہ دین سے دوری اور آپسی اختلاف و انتشار ہے

مسلمانوں پر سنگین حالات آنے کی اہم وجہ دین سے دوری اور آپسی اختلاف و انتشار ہے


کیتھ پورہ عید گاہ سے مفتی محمد سفیان ظفر قاسمی کا خطاب

گڈا جھارکھنڈ

اس وقت مسلمان جن ناگفتہ حالات سے گزر رہے ہیں اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ مسلمانوں میں سنت و شریعت سے دوری اور اللہ کے احکام پر عمل کرنے سے غفلت عام ہو چکی ہے، ہر آدمی یہ چاہتا ہے کہ اصلاح معاشرہ ہو مگر خود اپنے آپ کی اصلاح نہیں کرنا چاہتا، اسی طرح مسلمانوں میں آپسی اختلاف و انتشار اتنا زیادہ بڑھ گیا ہے ہے کہ اس نے مسلمانوں کی رہی سہی قوت کو ختم کر کے رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے اغیار نے ان کو لقمہء تر بنا لیا ہے، اگر مسلمان یہ چاہتے ہیں کہ وہ ان پریشان کن حالات سے نکلیں تو ان کے لئے ضروری ہے کہ سب سے پہلے اللہ اور اس کے رسول کے احکام پر عمل کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں، اور آپس میں جو بھی انتشار ہے اس کو دور کرنے کی کوشش کریں، بطور خاص جو اجتماعی معاملات ہیں ان میں اپنی انانیت کی وجہ سے کسی طرح کا رخنہ نہ ڈالیں، ان خیالات کا اظہار مفتی سفیان ظفر قاسمی سکریٹری جمعیت علمائے ضلع گڈا نے کیتھ پورہ عید گاہ میں اپنے بیان میں کیا۔


مفتی صاحب نے کہا کہ دو سال کے اندر لاک ڈاؤن کی وجہ سے اگر ہماری زندگی کا کوئی شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے تو وہ ہے تعلیم کا شعبہ، باقی تقریباً سارے کام لوگوں کے ہوتے رہے حتی کہ مکان اور بلڈنگ بنانے والے عالیشان بلڈنگیں بناتے رہے لیکن جہاں تک ہمارے بچوں کی تعلیم کا مسئلہ ہے وہ بری طرح متاثر ہوا، خواہ مدرسہ کی تعلیم کا مسئلہ ہو یا اسکول کی تعلیم کا، سکریٹری جمعیت علمائے ضلع گڈا نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی نظام کو درست کرنے کی کوشش کریں، مدارس کو از سر نو اپنی تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کے لئے اپنا مکمل تعاون پیش کریں، اسکولوں کا ایسا نظام بنائیں جس سے بچے یہاں عصری تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ اپنے دینی تشخص کو بر قرار رکھ سکیں۔

مفتی صاحب کا یہ خطاب عید الفطر کی نماز سے قبل ہوا بعد ازاں انھوں نے عید الفطر کی نماز بھی پڑھائی، اور پوری امت مسلمہ کے لئے دعا کی گئی، چنانچہ مدارس مکاتب مساجد اور خانقاہوں کے تحفظ، پورے ملک میں امن سلامتی کے قیام اور مسلمانوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے خاص طور سے دعا کی گئی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے