Ticker

6/recent/ticker-posts

تم آسمان کی بلندی سے جلد لوٹ آنا ہمیں زمین کے مسائل پہ بات کرنی ہے

تم آسمان کی بلندی سے جلد لوٹ آنا

chandrayaan-3


تم آسمان کی بلندی سے جلد لوٹ آنا
ہمیں زمین کے مسائل پہ بات کرنی ہے

مجیب الرحمٰن جھارکھنڈ
رابطہ نمبر۔۔۔۔۔ 7061674542

اس وقت ملک بھارت کیلیے لمحہ فخریہ ہے کہ اس نے چاند پر کمند ڈالنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے، جیسے ہی ٢٣ اگست کو قریب ٦بجے شام چندریان ٣ مشن چاند کے ساؤتھ حصے میں لینڈ کیا بھارت اس مقام پر پہنچنے والا پہلا اور چاند پر سلامتی کے ساتھ پہنچنے کی وجہ سے دنیا کا چوتھا ملک بن گیا، یقیناً یہ لمحہ بھارت واسیوں کیلئے قابل فخر بات ہے، مبارکباد کے مستحق ہیں یہاں کے سائنسدان اور پوری اسرو کی ٹیم کہ جنہوں نے پورے عالم میں ملک کا نام روشن کیا اور چاند کے ساؤتھ حصے میں چندریان ٣ کو اتار کر دنیا کو حیرت بداماں کردیا، اسرو کے مطابق چندریان ٣ کا مقصد چاند کی سطح پر پانی کی تلاش کرنا ہے اگر وہ اس میں کامیابی حاصل کرلیتاہے تو ممکن ہے مستقبل میں وہاں انسان بھی آباد ہوگا، ( جوکہ ایک غیر فطری بات ہے) واللہ اعلم بالصواب۔


اس میں شک نہیں کہ ہر بھارتی چندریان ٣ کے چاند پر پہنچنے سے خوشی محسوس کر رہا ہے لیکن زمینی سطح پر اگر نظر ڈالیں تو ساری کامیابی انسانی خون کے نیچے دفن ہو جاتی ہیں، زمینی صورتحال اس وقت خون آشام ہے، شاید آپ کو حیرت ہو ٢٣ اگست جب کہ ہر سمت جشن کا ماحول تھا وہیں دوسری طرف جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع سے یہ خبر آتی ہے کہ ایک مسلم محمد شمشاد جس پر گھوٹالہ کا جھوٹا الزام لگاکر پیٹ پیٹ کر قتل کردیا جاتاہے، ایک طرف اخبار کی سرخی یہ ہے کہ۔۔ ہندوستان چاند پر۔۔۔ وہیں دوسری طرف یہ لکھا نظر آتا ہے کہ۔۔۔ جھارکھنڈ میں محمد شمشاد لنچنگ کا شکار۔۔۔ عقل حیران ہے کہ جشن منائیں یا پھر ماتم کریں، ملک کے زمینی صورتحال کسی سے مخفی نہیں ہے، انسانیت سسک رہی ہے، بے روز گاری زوروں پر ہے، مہنگائی آسمان چھورہی ہے، امن و امان خاتمہ ہوا چاہتا ہے، اسکولوں تعلیم گاہوں میں نفرتیں ہیں، سفر محفوظ نہیں، ٹرینوں میں دھڑلے سے گولیاں چلا دی جاتی ہیں، ملک کا ایک حصہ۔۔ منی پور۔۔۔ ابھی بھی جل رہا ہے، ہم چندریان کی لینڈنگ کا جشن منائیں یا پھر منی پور کی عورتوں کا سرعام برہنہ کرکے پھرانے پر ماتم کریں، معصوموں کو زندہ نذر آتش کردیا جاتاہے، اقلیتی طبقہ کے افراد کو بیجا مقدمہ میں پھنسا کر جیلوں میں ٹھوس دیا جاتا ہے، حق اور سچ بولنے پر زبانیں کھینچ لی جاتی ہیں، اپنے حقوق کے مطالبہ پر غدار وطن کہ دیا جاتا ہے، آئے دن جگہ جگہ لنچنگ ہوتے دیکھتے ہیں، انسانیت شرمسار ہوتی نظر آتی ہے، حقائق پر پردہ اٹھانے کے بجائے سیاسیات کی بھینٹ چڑھا دیا جاتا ہے، زمینی سطح کا یہ منظر اور پھر دوسری جگہ چاند پر کمند، سمجھ سے بالاتر ہے کہ خوشی منائیں یا پھر ماتم۔


بہر حال ملک کی کامیابی پر ہمیں بھی فخر ہے لیکن چندریان کی چاند پر لینڈنگ سوائے دنیا میں ناک اونچی کے اور کچھ حاصل نہیں، رہا نظریہ کہ چاند پر آبادی بسائیں گے جب زمین انسانی خون سے سیراب ہورہی ہے تو پھر کس انسان کو وہاں بسایا جائے گا۔

زمینی صورتحال اگر درست ہو انصاف کا بول بالا ہو، حق تلفی نہ کی جاتی ہو تو پھر قدرت نے چاند ہی کیا فلک کی ہر گردش انسانوں کے قبضہ میں کردیا ہے۔

بھارت کی اس کامیابی پر مبارکباد بس اتناہی کہنا ہے چندریان سے کہ۔۔۔

تم آسمان کی بلندی سے جلد لوٹ آنا
ہمیں زمین کے مسائل پہ بات کرنی ہے

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے