Ticker

6/recent/ticker-posts

علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی: پروفیسر نصراللہ باشاہ

علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی: پروفیسر نصراللہ باشاہ


ٹمل ناڈو اردو تحقیقی مرکز وانم باڑی کے زیر اہتمام منعقدہ یوم اردو کی تقریب میں اقبال کو خراج عقیدت، طلباء کو اعزازات پیش کیا گیا۔

اسانغنی مشتاق رفیقی،

ٹمل ناڈو اردو تحقیقی مرکز وانم باڑی کی جانب سے نومبر 9، یومِ پیدائش علامہ سرمحمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے موقع پر بوقت دوپہر 30-2 بجے، بمقام امتیازاردو ہال، وانم باڑی میں علامہ اقبال پر ایک شاندار جلسہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت پروفیسر پی نصراللہ باشاہ صاحب، سابق پرنسپل اسلامیہ کالج وانم باڑی نے فرمائی۔ بطور مہمان خصوصی پی انیس احمد صاحب مونسپل کونسلر وارڈ نمبر17، شریک رہے۔ نظامت کے فرائض اسانغنی مشتاق رفیقی نے نبھائی۔

جناب مولوی رضوان احمد صاحب عمری کی تلاوت کلام پاک اور انور ترپاتوری صاحب کی ہدیہ نعت سے مجلس کی شروعات ہوئی، ڈاکٹر جی امتیاز باشاہ چیرمین ٹمل ناڈو اردو تحقیقی مرکز وانم باڑی نے خطبہء استقبالیہ پیش کر تے ہوئے جلسے کے مقصد پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ ٹمل ناڈو اردو تحقیقی مرکز وانم باڑی گزشتہ کئی برسوں سے یوم پیدائش اقبال کے دن یہ جلسہ منعقد کرتی آرہی ہے جس کا واحد مقصد طلبہ و طالبات میں اردو زبان کی تئیں لگاؤ اور دلچسپی پیدا کرنا اور اپنے بزرگوں کی تاریخ سے واقف کرانا ہے، اس کے لئے اسکولوں میں تحقیقی مرکز کی جانب سے عنوانات دے کر تقریری مقابلے اور ساتھ میں نغمہ خوانی کے مقابلے بھی منعقد کرائے جاتے ہیں اور اول دوم سوم آنے والے طلباء کو اسناد اور تمغات سے نوازا جاتا ہے۔ امسال بھی یہ مقابلہ اسلامیہ بائز ہائر سکینڈری اسکول وانم باڑی اور قادریہ گورنمنٹ ایڈڈ ہائر سکینڈری اسکول وانمباڑی میں منعقد ہوا اور طلباء نے دلچسپی کے ساتھ اس میں حصہ لیا اور اپنے مدرسین کی رہنمائی میں درجہ اول دوم اور سوم کے لئے نامزد ہوئے۔ صدر محترم پروفیسر پی نصراللہ باشاہ صاحب نے صدارتی خطبے میں علامہ اقبال کی زندگی کو ایک مثالی زندگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ کامیابی اپنے بڑوں کی تعظیم سے حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے دنیا کے آگے خودی کا فلسفہ پیش کیا جو اپنی جگہ ایک گرانقدر کارنامہ ہےاوراپنی شاعری کے ذریعے انہوں نے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی۔ وطن کی محبت میں لکھا ہوا آپ کا ترانہ، ترانہ ہندی آج بھی ہمارے وطن میں بڑی شان کے ساتھ گایا جاتا ہے۔

صدر محترم کے خطاب کے بعد درجہ اول کے لئے منتخب ہوئے طلباء نے نغمہ خوانی اور تقریر کا مظاہرہ پیش کیا۔ اس کے بعد امسال کا علامہ اقبال اعزاز برائے ادبی خدمات انور قادری ترپاتوری صاحب کو صدر محترم کے ہاتھوں پیش کیا گیا۔

یہ اعزاز ہر سال یوم اقبال کے موقع پر تحقیقی مرکز کی جانب سے ریاست کے کسی ادبی شخصیت کو پیش کیا جاتا ہے۔

نغمہ خوانی اور تقریری مقابلوں میں شریک اول دوم اور سوم درجہ پانے والے طلباء کو صدر محترم اور مہمانان کرام کے ہاتھوں اسناد اور تمغات پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر جی امتیاز باشاہ صاحب کے ہدیہ تشکر اور صدر محترم پروفیسر نصراللہ باشاہ صاحب کی دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام کو پہنچا۔ آخر میں تما م طلباءاور شرکاء جلسہ نے کھڑے ہوکر ترانہ ہندی پیش کیا۔

اس جلسے میں نائب میر معلم سید رضوان صاحب، استاد شکیل احمد صاحب، معروف شاعر احمد نذیر صاحب اور چولورم عطاء الرحمٰن عطاء جیسے قابل ادبی شخصیات کی شرکت رہی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے