ترکیب نحوی کی تعریف | ترکیب نحوی مثالیں
کسی جملہ کے اجزاء اور الفاظ کو الگ الگ کرکے ان کے آپسی رشتہ کو ظاہر کیا جائے تو اسے ترکیب نحوی کہتے ہیں۔ ترکیب نحوی میں جملے کے مختلف اجزا اور الفاظ کے باہم تعلقات سے بحث کی جاتی ہے اور اس کا موضوع کلام ہوتا ہے۔
اسمیہ جملہ میں مبتدا، خبر، متعلقات خبر اور فعل ناقص ہوتا ہے۔فعلیہ جملوں میں فاعل، مفعول، فعل اور متعلقات فعل ہوتے ہیں۔
ترکیب نحوی کرتے وقت چند اہم باتوں کو مد نظر رکھنا ضروری ہے:
(١) جس جملہ کی ترکیب نحوی کرنی درکار ہو پہلے اس کا مطلب اور معنی اچھی طرح سے ذہن نشین کرنا چاہیے۔کیونکہ جملے کے مطلب اور معنی کا سمجھنا بہت ضروری ہے۔
(٢) جب کسی شعر یا مصرعہ کی ترکیب نحوی کرنی ہو تو پہلے اس شعر کی نثر بنا لیجیے۔
(٣) فعل کے لحاظ سے یہ معلوم کیجئے کہ جملہ اسمیہ ہے یا جملہ فعلیہ ہے۔
(٤) اگر کوئی لفظ کلام سے حذف کیا ہوا ہو تو اسے پورا کر لیجئے۔
(٥) جملے کی ترتیب کو اس طریقے سے لکھئیے کہ دیکھنے یا پڑھنے والے پر مطلب پوری طرح واضح ہو جائے۔
(٦) جملہ اسمیہ میں سب سے پہلے فعل ناقص، پھر مبتدا پھر خبر اور آخر میں مطلقات معلوم کر کے لکھیے۔
(٧) جملہ فعلیہ میں سب سے پہلے فعل تام، پھر فاعل، پھر مفعول اور آخر میں متعلقات فعل معلوم کر کے لکھیے۔
(٨) جملہ اسمیہ اور فعلیہ کے اجزا معلوم کرنے کا پہلا بیان کیا ہوا طریقہ استعمال کیجئے۔
مثال نمبر ۔ ١:
احمد چالاک ہے۔
ہے فعل ناقص
احمد مبتدا
چالاک خبر
فعل ناقص، مبتدا اور خبر مل کر جملہ اسمیہ ہوا۔
مثال نمبر ۔٢:
کریم غریب کا مارا ہوا ہے۔
ہوا ہے فعل ناقص
کریم مبتدا
غریب کا مارا خبر
یہ بھی جملہ اسمیہ ہوا۔
مثال نمبر . ٣:
تم بڑے ظالم نکلے۔
نکلے فعل ناقص
تم ضمیر ہوکر مبتدا
بڑے ظالم خبر
یہ جملہ اسمیہ خبریہ ہوا۔
مثال نمبر ۔٤:
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیداور پیدا۔
نثر– دیدہ ور بڑی مشکل سے چمن میں پیدا ہوتا ہے۔
ہوتا ہے فعل ناقص
دیدہ ور مبتدا
پیدا خبر
سے جار
بڑی مشکل مجرور
میں حرف اضافت
چمن مضاف الیہ
یہ بھی جملہ اسمیہ ہوا۔
مثال نمبر .٥:
کریم دوڑا
دوڑا فعل تام
کریم فاعل
جملہ فعلیہ ہوا۔
مثال نمبر ۔٦:
احمد نے کتے کو مارا۔
مارا فعل تام
احمد فاعل
نے علامت فاعل
کتے مفعول
کو سلامت مفعول
یہ بھی جملہ فعلیہ ہوا۔
مثال نمبر ۔٧:
ارشد نے بازار سے ایک سائیکل خریدی۔
خریدی فعل تام
ارشد فاعل
نے علامت فاعل
ایک عدد
سائیکل معدود
سے حرف جار
بازار مجرور
یہ جملہ فعلیہ ہے۔
0 تبصرے