Ticker

6/recent/ticker-posts

محبت بھری اردو شاعری | اردو غزلیں اور نظمیں : ڈاکٹر نزہت شاہ

محبت بھری اردو شاعری | اردو غزلیں اور نظمیں : ڈاکٹر نزہت شاہ

اظہار محبت غزل : چاہتوں کا مان

(18)
ہماری خواہش اور ارمان ہو تم
ہماری ہر خوشی کی جان ہو تم

ڈھلے ہو تم ہماری ہر غزل میں
ہماری شاعری کی شان ہو تم

تری اُلفت پہ کتنا ناز ہم کو
ہماری چاہتوں کا مان ہو تم

ملن کے پھول سے آباد رکھنا
دلِ ویران کے مہمان ہو تم

ہوئے بے بس ہیں اپنی آرزو سے
ہماری آرزو کی جان ہو تم

کہو کیوں پیار سے ہو بے خبر تم
کسی جذبے سے بھی انجان ہو تم

ہماری نیند ہو تم خواب تم ہو
ہمارا دل ہماری جان ہو تم
***
ڈاکٹر نزہت شاہ
نیویارک

محبت کا اظہار شاعری | محبت شاعری غزل

پھیلےگی نغمگی

19
دل کو کسی کے نام پہ قرباں تو کیجیے
آنگن میں دل کے پیار کو مہماں تو کیجیے

اپنی شبیہ آپ نظر آ ئے گی کبھی
میرے حضور چاک گریباں تو کیجیے

سارا جہاں یہ ہوگا کسی روز رو برو
گرویدگی کے واسطے ساماں تو کیجیے

لفظوں سے زخمِ کاری تو بھرتے نہیں کبھی
لہجوں سے آپ درد کا درماں تو کیجیے

ہر اک برائی روکنے کو لب کُشائی ہو
پختہ جنابِ والا یوں ایماں تو کیجیے

خاموشیوں کو توڑ دو پھیلے گی نغمگی
زندہ ! لبوں پہ آئیے مُسکاں تو کیجیے

نزہت کو کوئی موجِ بلا کیا ڈبوئے گی
برپا ہی امتحان کو طوفاں تو کیجیے
٭٭٭
ڈاکٹر نزہت شاہ
نیویارک

درد محبت شاعری | غمگین اردو شاعری محبت

کسی خواب کا نصیب

وہ قصّہ وہ کلام ادھورا ہی رہ گیا
کہ لب پہ تیرا نام ادھورا ہی رہ گیا

آنکھوں پہ لکھ دیا ہے کسی خواب کا نصیب
قسمت کا سارا کام ادھورا ہی رہ گیا

کچھ اس طرح چلی ہے بہت تُند سی ہوا
ساحل پہ تیرا نام ادھورا ہی رہ گیا

کوئی بھی گُل نہیں کِھلا ہائے بہارمیں
گُلشن کا اہتمام ادھورا ہی رہ گیا

نزہت کا جو فسانہ تھا آنسو مٹا گئے
ہو نہ سکا تمام ادھورا ہی رہ گیا
***
ڈاکٹر نزہت شاہ
نیویارک

اردو شاعری : مہنگائی کے اس دور میں

بے قیمت انسان
24
مہنگائی کے اس دور میں
ہر شئے کی
قیمت بڑھ گئی
لیکن !
بے قیمت
ہستی ہے انسان کی
روٹی ، کپڑا ،
دُکان ، مکان
مہنگائی سب پہ چھا گئی
افسوس کہ
ارزاں ہوئے مگر
اخلاص ، محبت
اور چاہت
عزت ، شرافت
اور
حرمتِ انسان

ڈاکٹر نزہت شاہ
نیویارک

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے