Ticker

6/recent/ticker-posts

قومی ترانہ ہندوستان | Qaumi Tarana Hindustan

قومی ترانہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

خاک وطن ہے پیاری ہم سب کو اپنی جاں سے
کرتے ہیں پیار جیسے افراد اپنی ماں سے

ہندوستاں سے مجھ کو کیونکر نہ ہو محبت
میر عرب کو آءی ٹھنڈی ہوا جہاں سے

ہے مادر وطن کے قدموں کی خوشبو ایسی
آتی ہے اس کی خوشبو ہر قلب کے مکاں سے

پودے نرالے اس کے اور گل بھی ہیں نرالے
مجھ کو لگا ہے بھارت نیارا ہر اک جہاں سے

ٹیگور ہو کہ بنکم، بیکل ہو یا وہ اجمل
ہم کو ہے پیار ہر اک بھارت کے مدح خواں سے

پیدا ہوءے ہیں اس میں، اس میں ہی دفن ہونگے
مت پوچھنا اے ظالم، آءے ہو تم کہاں سے

صدیوں سے اس وطن میں ہے بود و باش اپنی
پڑھ کے تو دیکھو تاریخ اور پوچھو نکتہ داں سے

آپس میں کررہے ہیں سرگوشیاں ستارے
دیکھو زمین بھارت اونچی ہے آسماں سے

حق کی حصول یابی کے واسطے لڑیں گے
اور فرض بھی نبھاءینگے دل‌سے اور جاں سے

حب وطن کو جزو ایماں بتایا شہ نے
کرتا ہوں خوب توصیف اس واسطے زباں سے

یہ کہہ کے رکھ دیا ہے ہم نے قلم بھی عینی
تعریف کیا کروں میں، باہر ہے یہ بیاں سے


۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی

قومی ترانہ

بموقع آزادی کا امرت مہوتسب

پندرہ اگست ٢٠٢٢

۔۔۔۔۔۔

اے وطن تیری عظمت سلامت رہے
اے وطن تیری عظمت سلامت رہے

سرور دیں کو آئی تھی ٹھنڈی ہوا
جس جگہ سے وہی ہند کی ہے جگہ
اس لیے پاک ہے ہر سو اس کی فضا
خوشبوؤں کی نفاست سلامت رہے
اے وطن تیری عظمت سلامت رہے

تیری دھرتی پہ گل الفتوں کے کھلیں
خار سارے تعصب کے جھڑتے رہیں
جو بھی بچھڑے ہوئے ہیں وہ سب پھر جڑیں
ایکتائی کی فطرت سلامت رہے
اے وطن تیری عظمت سلامت رہے

تیری دھرتی میں آئے تھے خواجہ معین
وہ جو پھیلائے چاروں طرف رب کا دین
تیرے باشندے ان کے رہے ہیں رہین
تجھ میں اسلامی صورت سلامت رہے
اے وطن تیری عظمت سلامت رہے

تیری دھرتی میں پیدا ہوئے تھے رضا
وہ رضا پیکر عشق و خلق و وفا
جن کی کاوش سے ایمان سالم رہا
تجھ میں حق کی اشاعت سلامت رہے
اے وطن تیری عظمت سلامت رہے

ناگرک تیرے ناسا میں چمکے بہت
ساری دنیا میں پھولوں سے مہکے بہت
بلبلوں کی طرح ہر سو چہکے بہت
تیری دنیا میں عزت سلامت رہے
اے وطن تیری عظمت سلامت رہے

ہے یہ امرت مہوتساب آزادی کا
ہوگیا ہے پچتر برس فاصلہ
ہے مجاہد کا آزادی عمدہ صلہ
ہر مجاہد کی عصمت سلامت رہے
اے وطن تیری عظمت سلامت رہے

آریہ بھٹ سے زیرو کی ایجاد ہے
تیرے استادوں سے علم آباد ہے
"عینی" کی اپنے رب سے یہ فریاد ہے
سارے عالم میں شہرت سلامت رہے
اے وطن تیری عظمت سلامت رہے

اے وطن تیری عظمت سلامت رہے
اے وطن تیری عظمت سلامت رہے
۔۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے