تو حاکم ہے زبر کو زیر کہہ دے : غزل – پریم ناتھ بسملؔ
غزل
تو حاکم ہے زبر کو زیر کہہ دے
کسی گیدڑ کو بھی تو شیر کہہ دے
گھٹائیں چھا رہی ظلم و ستم کی
مگر ہمت کسے اندھیر کہہ دے
تری ہر بات مانے وہ بھلا ہے
نہ مانے کر دے اس کو ڈھیر کہہ دے
ابھاگا تُو نہیں وہ لوگ ہیں جو
تری تک بندیوں کو شعر کہہ دے
میں آدھی رات دفتر آ گیا ہوں
تُو چاہے تو ابھی بھی دیر کہہ دے
تعجب تُو نہ کر بسملؔ اگر وہ
زمیں مندر کی ہے اجمیر کہہ دے
پریم ناتھ بسملؔ
مرادپور، مہوا، ویشالی، بہار
8294170464

0 تبصرے