شبیہ پیغمبر جناب حضرت علی اکبر علیہ السلام کی شان میں منقبت شاعری
11 شعبان
جشنِ نزولِ شبیہ پیمبر مولا شہزادہ علی اکبر علیہ السلام کے پر شکوہ موقع پر بالخصوص سرکار ولی العصر علیہ السلام اور تمام مؤمنین و مؤمنات کی خدمت میں ہدیۂ تبریک و نذرانہء تہنیت پیش کرتا ہوں !
ام لیلیٰؑ کا چین اکبرؑ ہے
شمس ِ بیت الحسینؑ اکبرؑ ہے
دیکھ اسلام کے سراپے کو
نقش اکبرؑ ہے نین اکبرؑ ہے
کعبہء حضرتِ مہ کنعاں
حسنِ سرورؐ کا زین اکبرؑ ہے
کنجِ مشہد سے آ رہی ہے صدا
حجلۂ کاظمین اکبرؑ ہے
ہے محمدؐ کا " م " بھی اکبرؑ
اور علیؑ کا بھی " ع " اکبرؑ ہے
گر شہؑ ِ مشرقین ہے شبیرؑ
پھر شہؑ ِ مشرقین اکبرؑ ہے
ماہتاب ِ بہشت کہتا ہے
خلدِ عصمت کی رین اکبرؑ ہے
کیسے اسلام اتار پائے گا
روز دیتا جو "دین" اکبرؑ ہے
بیت ِ معمور کی قسم مجھ کو
قبلۂ قبلتین اکبرؑ ہے
سورہ والناس سے فزوں عباس
ردِ تعویز ِ شین اکبرؑ ہے
حیدر عباس
0 تبصرے