Ticker

6/recent/ticker-posts

نعت شریف اردو | نعت رسول مقبول اردو شاعری : غلام محمد وامِق

نعت شریف اردو شاعری | اردو نعت | نبی کی شان میں شاعری

نعت رسولﷺ
غلام محمد وامِق

اس زباں سے کس طرح میں مدحت سرور کروں
پہلے اس کو مشک سے، اور عرق گل سے تر کروں

جس جگہ کہ روز و شب بارش رہے انوار کی
چاہتا ہے دل یہ میرا، اُس نگر میں گھر کروں

سر جھکاتی ہے جہاں پر ہر سحر باد صبا
کیوں نہ پھر میں اپنی منزل روضہء اطہر کروں

بس اسی خواہش میں دامن آنسوؤں سے تر رہا
اپنے اشکوں سے در محبوب کو بھی تر کروں

روز محشر، ہو شفاعت، ہم گنہگاروں کی بھی
میں حبیب پاک سے یہ التجا جا کر کروں

کاش مل جائے مجھے گم گشتہ. منزل کا سراغ
ان کے در سے ہر گزرنے والے کو رہبر کروں

تو سلام شوق کہنا، سرور کونین سے
تجھ سے کتنی التجائیں اور نامہ بر کروں

باریابی. میری قسمت میں ہے وامق دیکھنا
میں کہ ذکر مصطفیٰ، جب باوضو ہو کر کروں

شاعر غلام محمد وامِق، محراب پور سندھ اپنی کتاب، " نقشِ وفا " سے
انتخاب فروری 1984 ء میں کہی گئی

لکھی ہوئی نعت شریف | نعت شریف اردو شاعری | حضور کی شان میں اشعار

نعت رسولِ اکرمﷺ
غلام محمد وامِق

دنیا سے ظلمتوں کو مٹایا ہے آپ نے
جب علم کا چراغ, جلایا ہے آپ نے

خلق عظیم آپ کا, دنیا میں بے مثال
انسانیت کا درس، پڑھایا ہے آپ نے

مغلوب ہوکے آئے جب، اسلام کے حریف
سینے سے ان کو اپنے, لگایا ہے آپ نے

لات و منات توڑ کے، ظلمت کی رات میں
توحید کا چراغ جلایا ہے، آپ نے

رنگ و نسب میں کوئی بھی بر تر نہیں یہاں
چھوٹے بڑے کا فرق, مٹایا ہے آپ نے

یکسانیت کا درس دیا ہم کو اس طرح
خُدام کو بھی ساتھ بٹھایا ہے آپ نے

جہالت کے دور میں رہی تذلیل کا نشاں
عورت کو گھر کی شمع بنایا ہے آپ نے

ہر گوشہء حیات کی تعلیم دی ہمیں
بھٹکے ہوؤں کو رستہ دکھایا ہے آپ نے

جھکتا نہیں کبھی کسی باطل کے سامنے
مومن کا وہ مزاج, بنایا ہے آپ نے

وامق, کسی پیام کی حاجت نہیں رہی
اللہ، کا ہر پیام سنایا ہے، آپ نے

ستمبر 1982ء، میں کہی گئی اپنی کتاب " نقشِ وفا " سے انتخاب ... از غلام محمد وامِق، محرابپور سندھ

New Naat Lyrics 2021 | Best Naat Sharif In Urdu

نعتِ محمدﷺ
غلام محمد وامِق

دکھوں کا مداوا ہے نامِ محمد
زباں پر ہو جاری سلامِ محمد

کھلے دل ملے لب محبت سے دیکھو
لیا جب بھی ہم نے یہ نامِ محمد

ہُوا ختم ظلمت کا نام و نشاں تک
جہاں پر بھی آیا نظامِ محمد

وہ صدیق و فاروق و حیدر ہوا ہے
بنا جو بھی دیکھو غلامِ محمد

ہوئے دوست باہم جو دشمن تھے پہلے
عجب معجزہ ہے پیامِ محمد

زبانِ محمد، ..... زبانِ الٰہی
سراسر ہدایت کلامِ محمد

یہ ہی ایک حسرت تڑپتی ہے دل میں
کہ جاں میری نکلے بنامِ محمد

معزز جہاں میں رہے کیوں نہ وامِق
ازل سے رہا ہے، غلامِ محمد
شاعر غلام محمد وامِق، محراب پور سندھ جولائی 1983ء میں کہی گئی

naat-sharif-in-urdu-naat-rasool-maqbool-urdu-shayari-by-ghulam-mohammad-wamiq


اور پڑھیں 👇

ایک تبصرہ شائع کریں

1 تبصرے