Ticker

6/recent/ticker-posts

نعت شریف اردو | یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے نعت شریف | Naat Sharif In Urdu

نعت شریف اردو | یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے نعت شریف | Naat Sharif In Urdu


آج یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے میری یہ نعت

نعت شریف
رعشہ جہان کفر میں ، کانپی فضاۓ خیبری
اے کہ تیرے وجود سے لات و ہبل میں تھرتھری

ثور و حرا ترا مقام ، جن و بشر ترے غلام
کاسہ بکف ترے حضور ، سارا جہان قیصری

تو نے عجب عطا کیا فقر و غنا کا فلسفہ
دل کا فقیر تو فقیر ، دل کی غنا تونگری

جنبش لب کی بات کیا ، رب کا کہا ترا کہا
اے کہ اشارہ بھی ترا ، شق قمر کا مظہری

تیرے قدم سے زلزلے قصر توھمات میں
ضرب احد سے چور چور سارے بتان آذری

پل میں حرم سےقدس تک پل میں زمیں سےتا فلک
تیرے براق پر کہاں برق تپاں کو برتری

رونق بزم کن فکاں ، نازش حسن عرشیاں
تیرے غلام کے غلام ، سارے جنید و سنجری

طائر دل اسیر شب ، ساز حیات جاں بلب
سدرہ نشین تا کجا ؟ دربدری گداگری

داروۓ درد دل شہا ! نغمہء جاں فزا ترا
تیرا جمال دلربا کون و مکاں کی دلبری

خنجر طائف و احد روک سکے نہ تیری راہ
توڑ سکا نہ جبر ثور تیر ا حصار بندگی

شاہ بھی شہسوار بھی ، زاہد و شب گزار بھی
مظہر شرح " الکتاب" ، تیری تمام زندگی

اے کہ دیار نور تو اور میں تیرگی تمام
تیرے طفیل مرتعش قلب و نظر میں روشنی

ناقہء بے زمام کو سوۓ قطار کھینچ لوں
میرے سخن کا مدعا ، میرا مدار شاعری

بزمئ کوچہ گرد پر ہو نہ حضور اگر نظر
کیسا غزل کا قافیہ ، کیسی سخن شناوری

سرفراز بزمی
سوائی مادھوپور راجستھان
بھارت
09772296970

نعت شریف اردو : نبی ہمارا نبی ہمارا | نبی کی شان میں نعت شریف

نعت
وہ صبح عالم کا استعارہ

وہ جس کی برکت سے خاک یثرب کو مل گئ شہرت مدینہ
وہ جس کا پیغام آدمیت کو بحر ظلمات میں سفینہ
وہ مطلع نور وہ منارہ وہ صبح عالم کا استعارہ

نبی ہمارا نبی ہمارا

وہ دشمنوں میں امین ہے جو کھلی کتاب مبین ہے جو
رسول سدرہ نشین ہے جو وہ خاتم المرسلین ہے جو
جبین تاریخ آدمیت پہ صبح صادق کا وہ ستارہ

نبی ہمارا نبی ہمارا

بیان جس کا بیان رب ہے وہ مطلب و طالب وطلب ہے
وہ خاتم الانبیاء لقب ہے حبیب رب، ہاشمی نسب ہے
وہ جس کی مٹھی میں بول پڑتاہے سنگ پارہ نبی ہمارا

نبی ہمارا نبی ہمارا

وہ فخر آدم نوید عیسی لقب دعاۓ خلیل جس کا
جوایک پل میں حرم سےاقصی جو ایک لمحے میں اوج سدرہ
وہ برق جیسے براق والا وہ کہکشانوں کا نور پارہ

نبی ہمارا نبی ہمارا

امامت انبیاء سے ظاہر ، وہ سب سے اول وہ سب سے آخر
وہ حسن تصویر کا تصور ، وہ ہادی و طاہر و مطہر
دو لخت کردے قمر کی ہستی وہ جس کی انگلی کا اک اشارہ

نبی ہمارا نبی ہمارا

خداۓ بر تر کی رحمتوں کا جہان پر اک ظہور ہے وہ
جہان کی ظلمتوں میں بزمی ہدایت حق کا نور ہے وہ
یتیم اس کے غلام اس کے وہ بے سہاروں کا اک سہارا

نبی ہمارا نبی ہمارا

سرفراز بزمی
سوائی مادھوپور راجستھان انڈیا 919772296970

نعت شریف اردو میں : کیا مدینے سے بزمی بتا لے چلیں؟

کیا مدینے سے بزمی بتا لے چلیں؟

رونق روۓ بدر والدجی لے چلیں؟
باغ جنت کی ٹھنڈی ہوا لے چلیں؟
گنبدوں سے نکلتی ضیاء لے چلیں؟
ان اندھیروں میں روشن دیا لے چلیں؟
آسرا آپ کے نور کا لے چلیں؟

کیا مدینے سے بزمی بتا لے چلیں؟

شاہ ایسا کہ مزدور کا ہو گماں
ہاتھ ایسے کہ چومیں زمیں آسماں
خلق ایسا کہ حیراں عدو انس و جاں
حسن ایسا کہ قربان سارا جہاں
بخشش کوہ جود و سخا لے چلیں

کیا مدینے سے بزمی بتا لے چلیں؟

سر بکف ہے کبھی سر بسجدہ کبھی
آہنی ہے کبھی ریشمی ہے کبھی
فتح مکہ میں عفو و کرم بن گئ
جس نبوت کے خورشید کی روشنی
نقش پاۓ حبیب خدا لے چلیں

کیا مدینے سے بزمی بتا لے چلیں؟

جراتیں ہجرتیں کربلا لے چلیں؟
کلفت غار ثور و حرا لے چلیں؟
خندق و بدر کا حوصلہ لے چلیں؟
سنگ کا پیٹ پر باندھنا لے چلیں؟
سوز طائف کے مجروح کا لےچلیں؟

کیا مدینے سے بزمی بتا لے چلیں؟

کیا فضاۓ احد سے وفا لے چلیں؟
روۓ انور کی زخمی ادا لے چلیں؟
جراءت قلب شیر خدا لے چلیں؟
جانثاری کی اک انتہا لے چلیں؟
زندگی کے لۓ حوصلہ لے چلیں؟

کیا مدینے سے بزمی بتا لے چلیں؟


miladunnabi Naat Sharif

سرفراز بزمی
سوائی مادھوپور راجستھان انڈیا 09772296970

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے