نعت نبی اردو | مشہور اردو نعتیں | اردو کی بہترین نعتیں
🌹 ...... نعت رسولِ مقبول ﷺ ......🌹
رسالت کا منور اُنؐ کے سر پر تاج ہے بے شک
محمدؐ کی شفاعت کا جہاں محتاج ہے بے شک
جہاں میں صورتِ انساں شہِ ابرارؐ کا آنا
عروجِ آدمیت کی حسیں معراج ہے بے شک
بنا کر محسنِ انسانیت بھیجا اُنہیںؐ رب نے
تمام انسانیت کا اُنؐ کے سر پر تاج ہے بے شک
خدا نے شافعء محشر بنایا ہے محمدؐ کو
انہیں کے ہاتھ سارے عاصیوں کی لاج ہے بے شک
جہانوں کے لئے رحمت بنا کر رب نے یوں بھیجا
سراج اب تک ضیا پاشی میں خود وہّاج ہے بے شک
یقیناً شاہِؐ بحر و بر کی سب پر حکمرانی ہے
سبھی جِن و مٙلک پر مصطفےٰؐ کا راج ہے بے شک
شبِ معراج نبیوں کی امامت جس نے فرمائی
تمامی انبیاء کا اک وہی سرتاج ہے بے شک
رہے عشقِ محمؐد گر عمل کے ساتھ جس دل میں
تو سمجھو قلب وہ مثلِ مبیں پکھراج ہے بے شک
تڑپتا ہے سبھی کا قلب گرچہ عشقِ احمدؐ میں
مقدر کا دھنی لیکن دلِ حجاج ہے بے شک
یتیموں اور مسکینوں کی بھی تکریم فرمائی
یہ بہرِ بے کساں روشن تریں منہاج ہے بے شک
مرے آقا کرم کی اک نظر فرمائیے سب پر
کہ اک امید کا پیکر غزالی آج ہے بے شک
✒️ ۔۔۔ محمد مصطفےٰ غزالی، عظیم آباد
📞 ۔۔۔ 9798993200 : 8409508700
نعتِ رسول مقبولﷺ
واقعی عشقِ نبیؐ میں جس کو جینا آ گیا
ہاتھ اس کے دو جہاں کا ہر خزینہ آ گیا
کی محمدؐ کی اطاعت جس کسی نے قلب سے
پاس عقبیٰ کا اسی کے سب دفینہ آ گیا
آپؐ جب تشریف لائے ذرہ ذرہ کہہ اٹھا
مرحبا صلےّ علیٰ شاہِ مدینہؐ آ گیا
نورِ حق سے دو جہاں کو جگمگانے کے لئے
رحمتِ عالمؐ کی صورت اک نگینہ آ گیا
جب رسولِ پاکؐ آئے اِس جہاں میں مومنو
اہلِ عالم کو دہانِ زخم سینا آ گیا
سنّتوں پر صدق دل سے جو عمل پیرا ہوا
در حقیقت اس کو جینے کا قرینہ آ گیا
عظمت و رفعت بڑھی ہر بندہء اللہ کی
اُمتی کے واسطے اک ایسا زینہ آ گیا
منکرِ شانِ نبیؐ پر لعنتیں ہوں بے شمار
سر قلم کیجے نظر گر وہ کمینہ آ گیا
عشقِ احمدؐ کا وہ دعویٰ کر نہیں سکتا کبھی
قلب میں جس کے ذرا بھی بغض و کینہ آگیا
تھا جنہیں بھی حسن و رعنائی کا اپنے کچھ گماں
حسنِ احمدؐ دیکھ کر ان کو پسینہ آ گیا
ساقیء کوثر بنایا ہے خدا نے آپؐ کو
تشنگی مٹ جائے گی اب جام و مینا آ گیا
عاصیوں کے لب پہ ہوگا حشر کے میدان میں
بخشوانے اب ہمیں شاہِ مدینہؐ آ گیا
جس کسی کو راہِ حق میں پیاس کی شدت لگی
نام لیتے ہی نبیؐ کا آبگینہ آ گیا
ہو گیا قربان دینِ مصطفےٰؐ پر شوق سے
خنجرِ باطل کے آگے جس کا سینہ آ گیا
معجزہ ہے مصطفےٰؐ کے اسوۂ حسنہ کا یہ
آج جو ہم کو شرابِ عشق پینا آ گیا
کب مجھے سرکارؐ بلوائیں گے ہندوستان سے
پھر مبارک دیکھئے حج کا مہینہ آ گیا
جس گھڑی مجھ پر ہوئی اُنؐ کی نگاہِ التفات
بحرِ غم سے دور اِس دل کا سفینہ آ گیا
نعت گوئی سن کے میری ہمنوا کہنے لگے
بن کے محفل میں غزالی چشمِ بینا آ گیا
محمد مصطفےٰ غزالی ، پٹنہ
9798993200 : 8409508700
نعت رسول اردو فوٹو ڈاؤنلوڈ
Naat Sharif Image HD Download
اور پڑھیں 👇
0 تبصرے